سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ بھی’’دیارغیر‘‘میں ہوگی۔
پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کارکردگی تو بہترین لیکن ون ڈے فارمیٹ میں ٹیم جدوجہد کر رہی ہے،ایشیا کپ میں غیرمعیاری پرفارمنس سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ کیلیے کئی سوالیہ نشان چھوڑ گئی تھی، نیوزی لینڈ سے سیریز کے بعد میگا ایونٹ کی تیاری کیلیے پاکستان کو17میچز کھیلنے ہیں، یواے ای میں ون ڈے اور ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد ٹیم جنوبی افریقہ جائے گی جہاں ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کے ساتھ 5 ون ڈے میچز کا مشکل چیلنج درپیش ہے، بعد ازاں آسٹریلیا اور انگلینڈ سے بھی 5،5 ایک روزہ میچز شیڈول ہیں۔
ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد سے مشاورت کیلیے انضمام الحق اور دیگر ارکان جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب روانہ ہوںگے۔
ذرائع کے مطابق ان ملاقاتوں میں ورلڈ کپ کیلیے ممکنہ پلیئرز کی فہرست پر غورکیا جائے گا،میگا ایونٹ سے قبل میچز کیلیے 20رکنی پول سے ہی کھلاڑیوں کا انتخاب ہوگا،پروٹیز کے خلاف ون ڈے میچز میں محمد عباس کو موقع دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
پیسر ورلڈکپ کے میزبان انگلینڈ کی کنڈیشنز میں کاؤنٹی کرکٹ میں بھی اپنی افادیت ثابت کرچکے ہیں، مشاورت کے بعد نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز کیلیے اسکواڈ کا اعلان بھی اگلے 2،3روز میں کیا جائے گا، محمد عامر کو کینگروز سے سیریز کیلیے نظرانداز کردیا گیا تھا۔ ایک اور سینئر بولر وہاب ریاض بھی پہلے ٹیسٹ میں ناقص کارکردگی کے بعد ڈراپ ہوگئے تھے،ان کو واپس بلانے کا امکان کم ہے۔
واضح رہے کہ انضمام ایشیا کپ کے میچز دیکھنے بھی یو اے ای گئے تھے، وہاں انھوں نے بعد میں ایک پی ایس ایل فرنچائز کیلیے کام کیا،اسی طرٖح توصیف احمد بطور اے ٹیم منیجر پہلے ہی دبئی میں موجود ہیں،ایک اور سلیکٹر وسیم حیدر بھی چند روز قبل امارات گئے تھے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹیسٹ16نومبر سے شروع ہوگا۔
The post سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ بھی ’’ دیارِ غیر‘‘ میں ہوگی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2yVNZ6T