فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر پتھارا مافیا دوبارہ قابض - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر پتھارا مافیا دوبارہ قابض

 کراچی:  بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے بدعنوان افسران نے میئر کراچی، میونسپل کمشنر سمیت وزیر بلدیات کی ساکھ داؤ پر لگادی، بدعنوان افسران نے تجاوزات کے خلاف کارروائی ناکام بنادی، بھاری اخراجات اور پولیس اور رینجرز کی مدد سے صدر، ایمپریس مارکیٹ کے اطراف سمیت شہر کے دیگر مقامات پرخالی کرائی گئی سڑکوں اور فٹ پاتھوں پرمحکمے کے بدعنوان افسران کی ملی بھگت سے ٹھیلا اور پتھارا مافیا پھر قابض ہوگیا۔

سپریم کورٹ کے احکامات پر گزشتہ چند روز کے دوران بلدیہ عظمیٰ کراچی نے کئی سرکاری و نجی اداروں کے ہمراہ صدر سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کرکے ہزاروں کی تعداد میں لیز دکانیں مسمار کر نے کے ساتھ ساتھ صدر ایمپریس مارکیٹ سمیت صدر کے مختلف علاقوں کی سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم پتھاروں اور تجاوزات ختم کرنے کی رپورٹ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ میں جمع کرائی تھی جبکہ کے ایم سی حکام کی جانب سے عدالت کو یہ بھی یقین دلایا گیا تھا کہ خالی کرائی گئی جگہوں کو محفوظ بنانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں تاہم کے ایم سی حکام کے دعوؤں اور سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی۔

رپورٹ کے برعکس محکمے انسداد تجاوزات کے بدعنوان افسران کی ملی بھگت سے صدر سمیت شہر کے بیشتر علاقوں کی فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر ٹھیلے اور پتھارے دوبارہ لگادیے گئے ہیں جبکہ دکاندار فٹ پاتھوں پر قابض ہوگئے ہیں صدر ایمپریس مارکیٹ کے سامنے ریگل چوک اطراف کی سڑکیں، آرام باغ ، سمیت اولڈ سٹی ایریا کی سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر پتھارے ، ٹھیلے اور دکانداروں نے سامان رکھنا شروع کردیا ہے۔

اسی طرح یونیورسٹی روڈ حسن اسکوائر پر 3 دن قبل آپریشن کرکے ختم کیے گئے پتھارے دوبارہ لگ چکے ہیں جبکہ اسنیک بار مالکان نے بھی اپنا سامان دوبارہ فٹ پاتھوں پر سجالیا ہی جبکہ گلشن اقبال بلاک ایک ، 2 اور13ڈسکو بیکری ، کے ڈی اے مارکیٹ سمیت دیگر جگہوں پر فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر جابجا ٹھیلے پتھارے اور دکانداروں نے سامان رکھنا شروع کردیا ہے۔

ضلع وسطی کے علاقے فیڈرل بی ایریا، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی ،نیو کراچی میں تاحال آپریشن کیا ہی نہیں گیا جس کے باعث مذکورہ علاقوں میں ہزاروں کی تعدادتجاوزات ،پتھارے جوں کے توں قائم ہیں جن سے تین گنا زیادہ بھتہ وصول کیے جانے کی اطلاعات عام ہیں جبکہ عائشہ منزل سمیت جن جگہوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا تھا دوبارہ قائم کرلی گئیں ہیں جس پر شہری حلقوں سمیت مسمار کی گئی دکانوں کے مالکان کی جانب سے شدید احتجاج کیا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ انسداد تجاوزات کے بدعنوان افسران کی ملی بھگت سے شہر میں تجاوزات دوبارہ قائم کرلی گئی ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے بعد محکمے کے افسران نے بھتے میں 3 گنا اضافہ کردیا ہے، سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر دوبارہ پتھارے قائم ہونے پر شہری حلقوں اور مسمار کی گئی دکانوں کے مالکان، چھوٹے تاجروں نے موجود صورتحال پر سپریم کورٹ سے کے ایم سی کی جمع کرائی گئی جھوٹی رپورٹ کا نوٹس لے کر محکمہ انسداد تجاوزات کے افسران کے خلاف اور کے ایم سی حکام کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی اپیل کی ہے۔

The post فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر پتھارا مافیا دوبارہ قابض appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2QkRYUv