برازیل کا اسرائیل میں سفارتخانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

برازیل کا اسرائیل میں سفارتخانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان

برازیلیا: برازیل کی نومنتخب حکومت نے اسرائیل میں سفارت خانے کو تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر برازیل کے نومنتخب صدر ژیئر بولسونارو نے اسرائیل میں برازیل کے سفارت خانے کو تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دائیں بازو کے 63 سالہ سخت گیر رہنما بولسونارو چار روز قبل 55 فیصد ووٹ لے کر صدارتی انتخاب میں کامیاب ہوئے تھے۔

اپنی ٹویٹ میں نومنتخب صدر کا کہنا تھا کہ اپنی انتخابی مہم کے دوران اسرائیل کو تسلیم کرنے اور سفارت خانے کی یروشلم منتقلی کا جو وعدہ کیا تھا اُسے پورا کرنے کا وقت آگیا ہے، اب ہم جلد اسرائیل میں سفارت خانے کو تل ابیب سے بیت القدس منتقل کردیں گے۔ اسرائیل ایک خود مختار ریاست ہے جس کا احترام ہم پر لازمی ہے۔

برازیل کے نومنتخب صدر کے فیصلے کے بعد امریکا اور گوئٹے مالا کے ساتھ برازیل تیسرا ملک ہو گا جس نے اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کیا۔ امریکی صدر نے 6 دسمبر2017 میں یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئے اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کیا تھا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : دائیں بازو کے سخت گیر رہنما بولسونارو برازیل کے نئے صدر منتخب

انتخابی مہم کے دوران چاقو بردار شخص کے قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے کے بعد بولسونارو نے اسپتال میں علاج کے دوران ہی مہم کو سوشل میڈیا کے ذریعے جاری رکھا تھا اور اب اپنی کامیابی کے بعد ریاست کے سب سے پہلے فیصلے سے بھی ٹویٹر کے ذریعے آگاہ کیا۔

The post برازیل کا اسرائیل میں سفارتخانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2CUYlqG