اسلام آباد: وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے مسلم لیگ(ن) کی پچھلی حکومت پر سندھ کا پانی چوری کرنے کے الزام لگادیا جس پر قومی اسمبلی میں خوب گرما گرمی ہوئی اور ایوان میں چور چور کے نعرے لگ گئے جب کہ حکومتی اور اپوزیشن ارکان میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں سندھ کو پانی کا جائز حصہ نہ ملنے سے متعلق پیپلز پارٹی کے توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے سندھ کے پانی کی چوری کا ذمہ دار پچھلی نواز شریف حکومت کو قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے دوسرے صوبے کے حق پر ڈاکہ ڈالا اور ان کا پانی چوری کیا، انہوں نے مالی چوری کے ساتھ ساتھ پانی کی حصے داری میں بھی چوری کی، ایوان کو بتانا چاہتا ہوں گزشتہ دور میں کی گئی پانی چوری پکڑ چکا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری کے بیانات کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیے وہ صدمے میں ہیں، فواد چوہدری
فیصل واوڈا نے کہا کہ سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے ملاقات کر کے اس مسئلے کو حل کروں گا اور معاملے پر سندھ حکومت کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلوں گا، جس پر پیپلزپارٹی کے نواب یوسف تالپور نے کہا کہ وزیر آبی وسائل کی باتوں کو سراہتے ہیں۔
فیصل واوڈا کے الزام پر مسلم لیگ(ن) کے شاہد خاقان عباسی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیر آبی وسائل نے الزام لگایا سندھ اور بلوچستان کا پانی چوری کر کے پنجاب کو دیا گیا ان الزامات پر ایوان کی خصوصی کمیٹی بنائی جائے یا معاملہ قائمہ کمیٹی کو بھیجا جائے، پھر معلوم کریں کہ کس کے احکامات پر سندھ اور بلوچستان کا پانی چوری کر کے پنجاب کو دیا گیا۔
تحریک انصاف کے مراد سعید نے کہا کہ جس نے پاکستان کا ایک پیسہ بھی لوٹا ہے اسے ڈی چوک میں لٹکائیں گے۔
The post (ن) لیگ پر سندھ کا پانی چوری کرنے کا الزام، قومی اسمبلی میں گرما گرمی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2qxO3VW