ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا تشخص اسلام کی روح سے متصادم ہے لہذا بین الاقوامی طور پر ہمیں اپنا تشخص درست کرنے کی ضرورت ہے۔
ملتان میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ صوفیائے کرام کا پیغام وقت کی اہم ضرورت ہے، اس وقت پاکستان میں معاشرہ تقسیم دکھائی دے رہا ہے، پاکستان کا جو تشخص بین الاقوامی طورپرجارہا ہے اس سے خدمت نہیں ہورہی، یہ بات بین الاقوامی وکیل کے طور پر کررہا ہوں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا یہ تشخص اسلام کی روح سے متصادم ہے اور بطور وکیل میرے دلائل کمزور پڑجاتے ہیں، بین الاقوامی افراد کہتے ہیں کہ دہشت گردی کی جنگ جیتنے کے لیے اپنا بیانیہ درست کیجیے تاہم بیانیہ درست کرنے کے لیے مدارس کو مین اسٹریم میں لانا ہوگا جب کہ بین الاقوامی طور پر بھی اپنا تشخص درست کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ صدر پاکستان کا تعلق اس علاقے سے ہے جہاں کئی دہائیوں سے شہر کو اجڑتے دیکھا، جلاؤ گھیراؤ دیکھا اور بھتہ خوری دیکھی جب کہ بلوچستان بیرونی انتشار کا شکار ہے، قبائلی علاقوں کو درپیش چیلنجز سے بھی بخوبی واقف ہیں لہذا اس وقت پاکستان کو اتحاد کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انفراسٹرکچر کے ذریعے جڑنا اہم لیکن نظریاتی طور پرلوگوں کا جڑنا وقت کی ضرورت ہے، نظریاتی طور پر جڑنے سے پاکستان کا کھویا ہوا وقار بحال ہوگا۔
The post بین الاقوامی طور پر پاکستان کو تشخص درست کرنے کی ضرورت ہے، وزیر خارجہ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2zBhVF2