صدر سے پتھارے ہٹا دیے گئے، تجاوزات مسمار، 6 مظاہرین گرفتار - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

صدر سے پتھارے ہٹا دیے گئے، تجاوزات مسمار، 6 مظاہرین گرفتار

 کراچی: صدر میں تجاوزات کے خلاف پیر کو بڑی کارروائی شروع کردی گئی، آپریشن کے پہلے دن مختلف سڑکوں سے پتھارے ہٹادیے گئے اور دکانوں کے آگے بنائے گئے غیرقانونی شیڈز اور فٹ پاتھوں پر قائم ناجائز تعمیرات کو مشینری کے ذریعے مسمار کردیا گیا۔

چیف جسٹس جسٹس میاں ثاقب نثار نے شہر بھر سے تجاوزات ختم کرنے کاحکم دیا تھا جس کے بعد صدر کے علاقے کو ماڈل علاقہ بنانے کے لیے اقدامات شروع کیے گئے سب سے پہلے صدر اور خصوصاً جہانگیر پارک کے اطراف کے علاقے کو ماڈل بنانے کے لیے گزشتہ روز کارروائی شروع کی گئی۔

تجاوزات کے خلاف کارروائی کے لیے پیر کی صبح سے ہی تیاریاں شروع کردی گئی تھیں، بلدیہ عظمیٰ اور ضلعی بلدیاتی افسران، پولیس و رینجرز کی اضافی نفری، کے الیکٹرک اور متعلقہ اداروں کے افسر پہنچنا شروع ہوگئے۔ بھاری مشینری، ٹرک اور سامان پریڈی تھانے پہنچادیا گیا تھا۔

سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بشیر احمد صدیقی نے بتایا ہے کہ کارروائی صبح شروع ہونا تھی لیکن پھر فیصلہ کیا گیا کہ 12بجے کے بعد کارروائی شروع کی جائے اور اس سلسلے میں 4 الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جوکہ مختلف مقامات پر کارروائی کریں گی، ساڑھے 12 بجے پارکنگ پلازہ اور پاسپورٹ آفس سے تجاوزات کے خلاف کارروائی شروع کی گئی۔

کارروائی سے دو روز قبل تمام پتھاریداروں کو نوٹس جاری کیے گئے تھے زیادہ تر سڑکوں سے پتھاریداروں نے اپنے پتھارے خود ہٹالیے تھے لیکن بعض جگہوں پر پتھارے موجود تھے جوکہ پیر کی صبح کارروائی شروع ہوتے ہی ہٹادیے گئے۔

پارکنگ پلازہ کے سامنے شہاب الدین مارکیٹ میں پنکچر کی دکان گرائی گئی تو دکاندار نے دعویٰ کیا کہ اس کی دکان جائز جگہ پر تھی اس کے ساتھ ناانصافی کی گئی جس پر وہاں موجود افراد مشتعل ہوگئے اور مزاحمت کرنے لگے۔ مشتعل افراد نے سڑک پر ٹائر جلاکر نعرے بازی کی جس پر پولیس نے کئی افراد کو حراست میں لے لیا اس دوران تجاوزات کے خالف کارروائی جاری رہی۔

اسی طرح صدر سے جو راستے لکی اسٹار کی جانب جاتے ہیں وہاں بھی پتھاروں کا خاتمہ کردیا گیا اور دکانوں کے آگے قائم شیڈز توڑدیے گئے ، پاسپورٹ آفس سے متصل گلیوں میں جاری کارروائی کے دوران مختلف ریسٹورینٹس کے باہر فٹ پاتھ گھیرنے والوں کی تعمیرات کو مسمار کردیا گیا ، اس دوران ایک ریسٹورینٹ کے ملازمین نے سخت مزاحمت کی اور مشینری کے آگے کھڑے ہوگئے جس پر کچھ دیر کے لیے کارروائی روک دی گئی ، پولیس حکام نے مذاکرات کرکے انھیں وہاں سے ہٹادیا، کارروائی کے دوران مختلف دکانوں کے آگے بنے شیڈز مسمار کردیے گئے۔

سی بریز کے قریب انٹر سٹی بسوں کے غیرقانونی اڈے پر کارروائی کے دوران ٹرانسپورٹروں کے دفاتر کے باہر فٹ پاتھ پر قبضے ختم کرادیے گئے، کارروائی کے دوران کے دوران راہ گیروں کا رش لگ جاتا تھا جنھیں منتشر کرنے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج بھی کیا۔

صدر میں پتھاروں اور تجاوزات کے خلاف کارروائی 3 اطراف پارکنگ پلازہ ، پاسپورٹ آفس اور سی بریز سے شروع کی گئی تھی اس دوران بھاری مشینری کے علاوہ درجنوں ٹرک، پولیس موبائلیں اورگاڑیاں موجود تھیں جبکہ راہ گیروں اور تماش بینوں کے رش سے کارروائی میں مشکلات کا سامنا رہا، افسران میگا فون کے ذریعے بار بار راہ گیروں کو آپریشن کے مقام سے ہٹنے کی ہدایات دیتے رہے لیکن راہ گیر جانے کے بجائے وہاں کھڑے کارروائی کا انہماک سے جائزہ لیتے رہے۔

دریں اثنا صدر، بوہری بازار ،زینب  مارکیٹ ، ریکل  چوک ، لکی اسٹار، پارکنگ پلازہ اور راجا غضنفرعلی روڈ پر قائم تجاوزات کے خلاف شروع کی جانے والی کارروائی کا پہلا مرحلہ رات 8 بجے مکمل ہوگیا،کارروائی کے دوران فٹ پاتھ پر قائم  22 دکانیں مسمارکر دی گئیں اورسیکڑوں پتھارے اورشیڈ زاورسامان ضبط کر لیا گیا ،ڈائریکٹرانسداد تجاوزات نے بتایاکہ پیرکوکارروائی کے دوران مزاحمت کرنے پر 6 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

The post صدر سے پتھارے ہٹا دیے گئے، تجاوزات مسمار، 6 مظاہرین گرفتار appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2OuMmlX