منگھوپیر روڈ کی تعمیر اور پائپ لائن بچھانے کا منصوبہ شروع - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

منگھوپیر روڈ کی تعمیر اور پائپ لائن بچھانے کا منصوبہ شروع

 کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میئرکراچی وسیم اختر کے ہمراہ منگھوپیر روڈ کی تعمیر اور پائپ لائن بچھانے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

موجودہ حکومت کا کراچی میں وفاق کی معاونت سے شروع ہونے والا پہلا منصوبہ ہے، یہ منصوبہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو اعتماد کا ووٹ دیتے وقت ایم کیو ایم کی جانب سے تجویز کیے گئے 25 ارب روپے مالیت کے کراچی پیکیج کا حصہ ہے۔

سنگ بنیاد کی تقریب میں میئرکراچی وسیم اختر، ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق سمیت تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، میئر کراچی اور گورنر سندھ نے تختی کی نقاب کشائی کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی پیکیج پر عمل درآمد میں خصوصی توجہ دینے پر وفاقی حکومت اور وزیراعظم عمران خان کے شکرگزار ہیں یہ اس علاقے کا دیرینہ مسئلہ تھا جس کے لیے اسی سڑک پر تحریک انصاف کے کارکنان اور عوام نے ماریں کھائیں اب یہ منصوبہ شروع ہورہا ہے جس سے عوام کے ساتھ صنعتی یونٹس کو بھی آسانی ہوگی۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ منصوبے کے لیے میئر کراچی، منتخب اراکین، عوام اور سائٹ ایسوسی ایشن نے بہت محنت کی،عنقریب پانچ پلوں اور انڈر پاسز کی تعمیر کے منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔

اس موقع پر میئرکراچی نے اپنے خطاب میں کہا کہ منصوبے کے آغاز پر گورنر سندھ اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں،سنگ بنیاد کی تقریب کافی عرصے سے زیر التو تھی،اس پیکیج کے لیے ایم کیو ایم نے اور بطور میئر میں نے بہت جدوجہد کی،ہم نے منصوبہ بندی کے ساتھ وفاق کو ان پراجیکٹس کی تجویز دی اور مسلسل زور دیتے رہے ، گورنر سندھ اور وزیر اعظم کی دلچسپی سے اس منصوبے کا جلد آغاز ممکن ہوا،انھوں نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم کے کراچی کے لیے ترقیاتی پیکیج کے تحت منگھوپیر روڈ کی تعمیر اور بحالی کا منصوبہ 4ارب 43کروڑ10لاکھ روپے سے مکمل ہوگا، منصوبہ دو حصوں پر مشتمل ہے جن کے تحت جام چاکرو ناردرن بائی پاس سے بنارس فلائی اوور تک دو رویہ سڑک کی تعمیر کے ساتھ 66انچ قطر کی پانی کی پائپ لائن بھی بچھائی جائیگی جبکہ دوسرے حصے میں بنارس فلائی اوو ر سے نشتر روڈ، تین ہٹی اور نیپیئر روڈ تک سڑک کی تعمیر کے ساتھ 48انچ قطر کی پانی کی پائپ لائن بچھائی جائیگی پہلے حصے پر 2ارب 44کروڑ5لاکھ روپے جبکہ دوسرے حصے کی تعمیر پر ایک ارب 90کروڑ 5لاکھ روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

اس منصوبے کی تعمیر سے ضلع غربی اور وسطی کے وسیع علاقوں میں پانی کی قلت دور ہوگی اورمنگھوپیر ماربل انڈسٹریل اسٹیٹ سے سائٹ کے صنعتی علاقے کو جانے والی اہم سڑک پر ٹریفک کی روانی میں بہتری آئیگی جو کئی سال سے زبوں حالی کا شکار ہے۔

اس منصوبے کے 2ارب 85کروڑ 26لاکھ روپے کے ٹینڈر ایوارڈ کیے جاچکے ہیں جن پر کام کا آغاز ہوچکا ہے،منصوبہ کے تحت 11کلو میٹر طویل پائپ لائن بھی دو حصوں میں بچھائی جائیگی 8.97کلو میٹر تک 66انچ قطر جبکہ 8.97سے 11.32کلومیٹر کے باقی حصے پر 48انچ قطر کی پائپ لائن ڈالی جائیگی۔

پائپ لائن کی تنصیب پر ایک ارب 67کروڑ روپے خرچ ہوں گے ،یہ منصوبہ 31دسمبر تک پورا ہوگا،بنارس سے نشتر روڈ تک سڑک کی تعمیر پر 73کروڑ 82لاکھ روپے خرچ ہوں گے ،سڑکوں کی تعمیر 18جون 2019تک مکمل ہوگی۔

The post منگھوپیر روڈ کی تعمیر اور پائپ لائن بچھانے کا منصوبہ شروع appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2IK7oM2