واشنگٹن: امریکی سینیٹ نے سپریم کورٹ کے جج کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازعہ ترین امیدوار بریٹ کیوانوف کی نامزدگی کی صرف دو ووٹوں کے فرق سے توثیق کردی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سینیٹ میں سپریم کورٹ کے جج کے لیے صدر ٹرمپ کی جانب سے کی گئی متنازعہ ترین نامزدگی کی منظوری کے لیے ووٹنگ ہوئی۔ شیم شیم کے نعروں کے درمیان صرف دو ووٹوں کے فرق سے بریٹ کیوانوف کی نامزدگی کی منظوری دے دی گئی۔
سپریم کورٹ کے جج کی نامزدگی کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بریٹ کیوانوف کو نامزد کیا تھا۔ بریٹ کیوانوف کی نامزدگی اُس وقت متنازعہ ہوگئی تھی جب مختلف خواتین کی جانب سے اُن پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
جنسی ہراسانی کے الزام کے باعث ڈونلڈ ٹرمپ کو بریٹ کیوانوف کی نامزدگی کی کو سینیٹ سے منظور کرانے کے لیے شدید دباؤ کا سامنا تھا تاہم آج وہ امریکی سینیٹ سے اپنے متنازعہ ترین امیدوار کی نامزدگی کی توثیق کرانے میں کامیاب ہوگئے۔
امریکی سینیٹ میں سپریم کورٹ کے جج کی نامزدگی کی منظوری کے لیے ووٹنگ کے دوران اپوزیشن بینچوں سے شیم شیم کے نعرے بلند ہوتے رہے۔ امریکی صدر کے امیدوار بریٹ کیوانوف کے حق میں 50 جب کہ مخالفت میں 48 ووٹ پڑے۔
سینیٹ اجلاس میں ووٹنگ کے دوران سیکڑوں شہری بریٹ کیوانوف کی نامزدگی کے خلاف پارلیمنٹ سے باہر احتجاج کرتے رہے۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے اور جنسی ہراسانی کے الزامات پر شدید نعرے بازی کی۔
امریکی صدر نے بریٹ کیوانوف کی نامزدگی کی توثیق پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بڑی کامیابی کے لیے جس کے لیے سینیٹ اراکین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
The post صدر ٹرمپ سپریم کورٹ کیلیے اپنے متنازعہ امیدوار کی نامزدگی منظور کرانے میں کامیاب appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2OIwhNx