کوئٹہ: حکومت بلوچستان اور چینی حکام کے مابین منعقد ہونیوالے اعلیٰ سطح اجلاس میں بلوچستان میں چین پاکستان اقتصادی راہداری اور چین کی معاونت اور سرمایہ کاری کے دیگر منصوبوں کی پیشرفت اور ان سے متعلق دیگر امورکا جائزہ لیتے ہوئے اس حوالے سے بعض اہم فیصلے کیے گئے جبکہ منصوبوں کی تکمیل میں حائل مسائل کے جلد حل کی ضرورت سے اتفاق کیا گیا۔
حکومت بلوچستان اور چینی حکام کے مابین منعقد ہونیوالے اعلیٰ سطح اجلاس میں شامل بلوچستان کے وفد کی قیادت وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور چینی وفدکی قیادت چینی سفیر یاؤجنگ نے کی، بلوچستان کے وفد میں صوبائی وزرا اور دیگر حکام شامل تھے جبکہ چینی وفد میں چین کے کراچی میں قونصل جنرل اور بلوچستان کے مختلف شعبوں میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیدار شامل تھے۔
اجلاس میں گوادر میں 300 میگاواٹ پاور پلانٹ کی تنصیب کے منصوبے، گوادر فری زون،گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے،دودھر لیڈ اور زنک منصوبے کے علاوہ چینی کمپنیوں اور انجینئرزکی سیکیورٹی سے متعلق امورکا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں طے پایا کہ سی پیک اور چین کی معاونت اور سرمایہ کاری کے منصوبوں کے تمام فیصلے باہمی رضامندی اور بلوچستان کے وسیع تر مفادکے مطابق کیے جائیں گے، ان کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دورکرکے انہیں مکمل کیا جائے گا، مجوزہ منصوبوں پر بھی جلد عملدرآمد کا آغاز کیا جائے گا۔
ملاقات میں گوادر میں سی پیک میں شامل 300 میگاواٹ پاور پلانٹ کی تنصیب کے منصوبے کو بلوچستان با الخصوص گوادرکی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے اورگوادر میں صنعتی سرگرمیوں کیلیے اہم منصوبہ قراردیتے ہوئے منصوبے کے آغاز کے حوالے سے مختلف تجاویزکا جائزہ لیا گیا جن میں بلوچستان کی ایکویٹی کی بنیاد پر شراکت داری کی تجویز بھی شامل ہے اور فیصلہ کیا گیا کہ اجلاس میں پیش کی گئی تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے دونوں جانب کے حکام انہیں حتمی شکل دیں گے۔
چینی حکام کی جانب سے بتایا گیاکہ گوادر فری زون کے ڈی سیلینیشن پلانٹ سے پی ایچ ای کے ذریعے گوادرکے عوام کو 80 پیسے فی گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں قائم ہونے والی نئی حکومت سے عوام کوبہت سی توقعات وابستہ ہیں ہم ماضی سے نکل کر مستقبل کی جانب دیکھ رہے ہیں، حکومت بلوچستان سی پیک کیلیے انتہائی سنجیدہ ہے،سی پیک دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید بلندیوں پر لے جانے کا منصوبہ ہے، آج کا اجلاس تعلقات کی مضبوطی کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا، بلوچستان عوامی پارٹی شفافیت اور گورننس کی بہتری کے ذریعے عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چینی سفیر یاؤ جنگ نے کہاکہ چین بلوچستان کے سماجی شعبے کی ترقی کیلیے بھرپور معاونت فراہم کرے گا، ہمیں یقین ہے کہ بلوچستان کی نئی حکومت عوام کی ترقی کیلیے کام کرے گی، چینی سرمایہ کار اور بزنس میں بلوچستان میں زراعت، معدنیات، صنعت، توانائی اور دیگر شعبوں میں مقامی شراکت داروں کے ساتھ شراکت داری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، انھوںنے کہا کہ براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ سے بلوچستان کی مقامی معیشت اور سماجی شعبہ مستحکم ہوگا۔
The post سی پیک منصوبوں میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر اتفاق appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » بزنس https://ift.tt/2CALuKT