نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو گرفتار کرلیا۔
نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کو حراست میں لے لیا ہے۔ نیب لاہور نے شہبازشریف کو آج طلب کررکھا تھا۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی شہباز شریف کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔
نیب ہیڈ کوارٹرز سے جاری ہونے والے اعلامیے میں شہبازشریف کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ نیب لاہور نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو آشیانہ کمپنی کیس میں گرفتار کیا ہے اور انہیں کل احتساب عدالت لاہور میں پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نیب نے پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی باضابطہ گرفتاری کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ کیا اور اس کے بعد گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ تاہم ذرائع قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ کسی رکن اسمبلی کی گرفتاری سے پہلے اسپیکر کی اجازت درکار نہیں ہوتی، گرفتاری کے بعد متعلقہ ادارے کی جانب سے اسپیکر کو آگاہ کرنا ضروری ہوتا ہے، اور ابھی تک اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری سے متعلق کوئی خط اسپیکر آفس موصول نہیں ہوا۔
وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کی گرفتاری خوش آئند اقدام ہے، یہ پہلی گرفتاری ہے اور مزید گرفتاریاں ہونی ہیں۔ پاکستان کو لوٹنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے، حکومت نیب کو ہروقت ہرطرح کی مدد اور تعاون کرنے کو تیار ہے۔
دوسری جانب شہباز شریف کی گرفتاری کی خبر سن کر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نیب کے دفتر کے باہر جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیشِ نظر پولیس کی بھاری نفری نیب آفس پہنچ گئی ہے۔
The post آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل؛ نیب نے شہباز شریف کو گرفتار کرلیا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2PdcN0B