راولپنڈی: آئی سی سی ورلڈکپ 2019ٹرافی کے پاکستان میں سفر کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا جب کہ پنڈی اسٹیڈیم میں بھی ٹرافی جگمگاتی رہی۔
آئی سی سی ورلڈ کپ2019کی ٹرافی بدھ اور جمعرات کو لاہور میں شائقین کی توجہ کا مرکز بنی، گزشتہ روز اسلام آباد آمد پر ایک اسکول میں تقریب رونمائی ہوئی جس میں کسی مقامی کرکٹر کو مدعو نہیں کیا گیا تھا، طلبہ نے شاندار استقبال کیا۔
بعد ازاں ٹرافی کو سخت سیکیورٹی حصار میں پنڈی اسٹیڈیم لایا گیا، وہاں سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے رونمائی کی، کامران اکمل بھی موجود تھے، عام شہریوں کو کنٹرول میں رکھنے کیلیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی، انتظامیہ کا کہنا تھا کہ صرف مخصوص لوگوں کو ہی اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہے۔
پنڈی اسٹیڈیم میں تقریب کے دوران اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ ٹیسٹ کرکٹرز سلمان بٹ اور محمد آصف بھی موجود تھے لیکن انھیں ٹرافی سے دور رکھا گیا۔ ہفتے کو اسلام آباد کے مختلف اہم مقامات پر ٹرافی کی رونمائی ہوگی۔
دریں اثنا عبد القادر نے کہاکہ ٹرافی کی تقریب میں پی سی بی کے سربراہ احسان مانی اور سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو بھی آنا چاہیے تھا،کرکٹ پاکستانیوں کا جنون ہے، ورلڈ کپ میں قومی ٹیم سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں، کھلاڑیوں کو فتح کیلیے سخت محنت کرنا ہوگی، میں پُر امید ہوں کہ پاکستان انگلینڈ میں ورلڈ کپ جیتے گا۔انھوں نے کہا کہ عمران خان ایک عظیم کپتان رہے،وہ بطور وزیر اعظم بھی کرکٹ کیلیے بہتر فیصلے کریں گے۔
The post ورلڈکپ ٹرافی راولپنڈی اسٹیڈیم میں جگمگاتی رہی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2BZ8hPk