سعودی حکومت قونصل خانے سے لاپتہ صحافی کے زندہ واپس جانے کے شواہد دے، ترک صدر - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

سعودی حکومت قونصل خانے سے لاپتہ صحافی کے زندہ واپس جانے کے شواہد دے، ترک صدر

 واشنگٹن/ انقرہ: ترک صدر طیب اردگان اور امریکی صدر نے استنبول کے سعودی قونصل خانے میں شاہی خاندان کے ناقد صحافی جمال خوشگوی کے لاپتہ ہو جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر نے سعودی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ جمال خشوگی کی سعودی قونصل خانے سے زندہ واپس جانے کے ثبوت فراہم کرے۔ صحافی کی گمشدگی پر سعودی عرب کا محض زبانی انکار تسلیم نہیں کیا جائے گا، ٹھوس حقائق پیش کرنا ہوں گے۔

ترک صدر کا بیان اُس وقت سامنے آیا ہے جب سعودی حکام نے صحافی جمال خوشگوی سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی نژاد صحافی استنبول قونصل خانے سے واپس چلے گئے تھے اور وہ سعودی حکام کی تحویل میں نہیں اس لیے کسی بھی قسم کی قیاس آرائی سے گریز کیا جائے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : لاپتہ صحافی جمال خشگوی کوقتل کردیا گیا ہے، ترک حکام

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی شاہی خاندان کے ناقد سعودی صحافی کی گمشدگی کے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لاپتہ ہونے کے واقعے کو آزادی صحافت اور انسانی حقوق کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔

اسی طرح امریکی سینیٹر لنزی گریم کا کہنا ہے کہ سعودی صحافی کی ترکی میں گمشدگی میں سعودی عرب ملوث ہوا تو اسے بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ آزادی اظہار رائے پر قدغن درست عمل نہیں۔

ادھر صحافی جمال خشوگی کی گمشدگی کے واقعے کے خلاف استنبول میں سعودی قونصل خانے کے باہر صحافیوں اور مختلف این جی اوز کے ارکان نے مظاہرہ بھی کیا اور صحافی کی بحفاظت بازیابی کے لیے نعرے بازی کی۔

ایک ہفتے قبل سعودی نژاد صحافی جمال خوشگوی کسی کام سے استنبول میں سعودی خانے گئے تھے تاہم وہ اب تک واپس نہیں لوٹے اور تاحال کسی سے اُن کا رابطہ نہیں ہوسکا ہے جب کہ ترک حکام نے صحافی کے قتل ہوجانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

جمال خشگوی واشنگٹن پوسٹ کے لیے کام کرتے ہیں اور سعودی شاہی خاندان کے سخت ناقد ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے امریکا میں پناہ لے رکھی تھی۔ واشنگٹن پوسٹ نے اپنے لاپتہ صحافی سے اظہار یکجہتی کے لیے اخبار میں اُن کے کالم کی جگہ کو خالی چھوڑا تھا۔

The post سعودی حکومت قونصل خانے سے لاپتہ صحافی کے زندہ واپس جانے کے شواہد دے، ترک صدر appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2E8zSAe