بد احتیاطی، بیشتر بیماریوں کا سبب - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

بد احتیاطی، بیشتر بیماریوں کا سبب

کہتے ہیں پرہیز علاج سے بہتر ہے، لیکن افسوس اس کہاوت کی حقیقت کا ادراک ہمیں بیشتر اوقات اس وقت ہوتا ہے، جب پانی سر سے گزر جائے۔

ہمیں زندگی میں بے شمار بیماریوں سے واسطہ پڑتا ہے اور اکثر ہی ایسا ہوتا ہے کہ بہت سی بیماریاں ہمیں محض ہماری لاپرواہی اور غفلت کی وجہ سے لاحق ہوجاتی ہیں، تاہم اس کے بجائے اگر ہم محض تھوڑی سی احتیاط سے کام لیں تو بے شمار بیماریوں سے محفوظ رہ کر نہ صرف خود کو بلکہ اپنے اہل خانہ کو بھی پریشانی سے بچا سکتے ہیں۔

ذیل میں ہم مفاد عامہ کے لیے کچھ انتہائی مہلک بیماریوں کے بارے میں بتارہے ہیں کہ وہ کون سی احتیاطی تدابیر ہیں جن کو اختیار کرکے ہم ان بیماریوں سے بچ سکتے ہیں۔ ان بیماریوں میں پیلا یرقان یا ہیپاٹائٹس اے اور ای، کالا یرقان یعنی ہیپاٹائٹس بی اور سی، ملیریا و ڈینگی بخار اور ایڈز شامل ہیں۔ آئیے ذیل میں ان بیماریوں سے بچائو کے لیے احتیاطی تدابیر کے بارے میں آپ کو بتاتے ہیں۔

پیلا یرقان (Hepatitis A,E)

٭ہر کام سے پہلے اور بعد میں ہاتھ صابن سے دھوئیں خصوصاً ٹوائلٹ (Toilet) استعمال کرنے کے بعد۔

٭پانی ابال کر پئیں اور بازار کے مشروبات استعمال نہ کریں۔

٭جسمانی صفائی کا خاص خیال رکھیں اور اپنا تولیہ علیحدہ رکھیں۔

٭اچھی طرح پکی ہوئی اور اچھی طرح محفوظ خوراک استعمال کریں۔

٭مریض کے فضلے کو انتہائی احتیاط سے تلف کریں۔

٭جس علاقے میں یرقان پھیلا ہو وہاں مزید حتیاط کریں۔

کالا یرقان (Hapatitis B,C)

٭ٹیکہ لگوانے سے پرہیز کریں، اگر بہت ضروری ہو تو ہمیشہ نئی سرنج سے ٹیکہ لگوائیں۔

٭حجام شے شیو مت کروائیں اور پھٹکری کا استعمال نہ کریں۔

٭کان، ناک چھدوانے اور جسم گندھوانے میں بہت احتیاط کریں۔

٭دوسروں کی ذاتی اشیاء مثلاً شیو اور دانت صاف کرنے کا سامان، ریزر، ٹوتھ برش، قینچی، کنگھا اور ناخن تراش وغیرہ قطعاً استعمال نہ کریں۔

ملیریا اور ڈینگی بخار (Malaria & Dengue Fever)

٭ گھر کے آس پاس پانی کھڑا نہ ہونے دیں، جوہڑوں پر مچھر مار سپرے ضرور کریں اور گڑھوں کو مٹی سے بھر دیں۔

٭ گھر میں جالی والے دروازے ضرور لگوائیں۔

٭ صاف پانی اور کھانے پینے کی اشیاء ڈھانپ کر رکھیں۔

٭ رات کے وقت پورے بازوئوں والی قمیض پہنیں اور جسم کو اچھی طرح ڈھانپیں۔

٭ کمرے سے باہر سونے کی صورت میں مچھر دانی استعمال کریں۔

٭ مچھر نہ صرف ملیریا کا باعث بنتا ہے بلکہ ڈینگی بخار اور متعدد دوسری بیماریوں کی وجہ بھی ہے۔

٭ گھر کو صاف ستھرا رکھیں اور کوڑے دان کو ڈھانپ کر رکھیں۔

٭ کچرے کو اچھی طرح تلف کریں اور گھر کے گردونواح کو بھی صاف رکھیں۔

٭ جسم پر مچھر بھگانے والا لوشن استعمال کریں۔

ایڈز (Aids)

٭ غیر فطری اور غیر محفوظ جنسی رویے ایڈز کا باعث بن سکتے ہیں۔

٭ استعمال شدہ سرنج کا استعمال انتہائی خطرناک ہے، ٹیکہ صرف انتہائی ضرورت کے وقت اور مستند ڈاکٹر سے لگوائیں۔

٭ خون اور اجزائے خون لگوانے سے پہلے ایڈز کا ٹیسٹ ضرور کروائیں۔

٭ سرنج کے ذریعے نشہ کرنے سے ایڈز کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

٭ خون آلود اشیاء اور استعمال شدہ سرنج سے خود کو بچائیں۔

٭ جسم پر نقش و نگار مت بنوائیں۔

٭ کان اور ناک چھدوانے میں انتہائی احتیاط برتیں۔

٭ دوسروں کی ذاتی استعمال کی اشیاء استعمال مت کریں۔

یاد رکھیے ایڈز ناقابل علاج ہے۔

متعدی خارش

٭ دوسروں کے کپڑے مت استعمال کریں۔

٭ کپڑوں کو ہمیشہ دھوپ میں سکھائیں۔

٭ مریض کے کپڑوں کو گرم پانی میں دھوئیں، سکھانے کے بعد کپڑوں کو الٹا اور سیدھا دونوں طرف سے استری کریں۔

٭ جسمانی صفائی کا خیال رکھیں۔

 

The post بد احتیاطی، بیشتر بیماریوں کا سبب appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » صحت https://ift.tt/2Cnn6wP