ٹاروبا: کیریبیئن پریمیئر لیگ کے فیصلہ کن معرکے میں سہیل تنویر جادو نہ جگاپائے، ان کی ٹیم گیانا ایمازون واریئرز کو ٹرائنباگو نائٹ رائیڈرز کے ہاتھوں 8 وکٹ سے مات ہوگئی۔
کیریبیئن پریمیئر لیگ کے فائنل میں ٹرائنباگو نائٹ رائیڈرز نے گیانا ایمازون واریئرز کو 8 وکٹ سے شکست دیکر تیسری مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا بلکہ اس ٹورنامنٹ کی تاریخ میں لگاتار دو ایڈیشنز میں کامیابی کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا، دلچسپ بات یہ ہے کہ واریئرز کی ٹیم چوتھی مرتبہ سی پی ایل کی رنر اپ بن رہی ہے۔
پہلے کوالیفائرز میں اگرچہ اس نے نائٹ رائیڈرز کو زیر کیا تھا مگر فیصلہ کن معرکے میں وہ ڈٹ کر مقابلہ نہیں کرپائے۔ 148 رنز ہدف کے تعاقب میں جانے والی نائٹ رائیڈرز کی ٹیم کو دنیش رامدین اور برینڈن میک کولم نے 52 رنز کی بنیاد فراہم کی۔
میک کولم کو گرین نے ڈیلپورٹ کی مدد سے 39 کے انفرادی اسکور پر قابو کیا جبکہ 87 کے مجموعے پر رامدین بھی پویلین واپس لوٹ گئے، انھوں نے 24 رنز بنائے، دوسرے اینڈ سے کولن منرو نے دھواں دار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا، انھوں نے 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 68 رنز بنائے۔ اس طرح ٹی کے آر نے 17.3 اوورز میں 2 وکٹ پر ہدف حاصل کرلیا۔
سہیل تنویر ساڑھے 3اوورز میں 25 رنز دینے کے باوجود ایک بھی وکٹ حاصل نہیں کرپائے، اس سے قبل گیانا ایمازون واریئرز نے 9 وکٹ پر 147رنز بنائے، جس میں سب سے زیادہ حصہ رانچی نے 44 رنز کی صورت میں ڈالا، جیسن 24 رنز کیساتھ نمایاں رہے، سہیل نے صرف 3 رنز بنائے، کھیری پائیر نے 3 وکٹیں لیں۔ پائیر کو میچ جبکہ کولن منرو کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
The post کیریبیئن لیگ؛ سہیل تنویر فائنل میں جادو نہ جگا پائے appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2xsCKSd