ایشیا کپ میں شرکت کے لیے قومی ٹیم آج دبئی کیلیے اُڑان بھرے گی - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

ایشیا کپ میں شرکت کے لیے قومی ٹیم آج دبئی کیلیے اُڑان بھرے گی

 لاہور: ایشیا کپ میں شرکت کیلیے پاکستانی ٹیم پیر کو دبئی کیلیے اڑان بھرے گی، گرین شرٹس نے اپنی تیاریاں  مکمل کرلیں،کھلاڑی پیر کو دوبارہ  نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جمع ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق  احسان مانی کی سربراہی میں  پاکستان کرکٹ ٹیم کی پہلی صلاحیتوں کا امتحان  رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں شیڈول  ایشیا کپ سے ہوگا۔ ایشیائی ایونٹ میں سرفراز احمد قومی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ دوسرے کھلاڑیوں میں فخر زمان، شعیب ملک، محمد عامر، شاداب خان، امام الحق، بابر اعظم، شان مسعود، آصف علی، حارث سہیل، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، جیند خان، عثمان شنواری اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔

ایشیا کپ میں عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لیے ٹیم کا پہلا مرحلہ ایبٹ آباد میں شروع کیا گیا جس میں کھلاڑیوں کی فٹنس پر بھر پور کام کیا گیا، دوسرے مرحلے میں منتخب پلیئرز لاہور میں اکٹھے ہوئے جہاں ماہر کوچز کی نگرانی میں  کھلاڑیوں کو بیٹنگ، بولنگ اور  فیلڈنگ کی بھر پور مشقیں کروائی گئیں، کھلاڑیوں کی فٹنس اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس میچ بھی کھیلا گیا، گزشتہ روز بھی کھلاڑی بھر پور ٹریننگ کے لیے پرعزم تھے تاہم صوبائی دارالحکومت میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے ٹیم گراؤنڈ میں جا کر پریکٹس نہ کرسکی۔

اس صورت حال کے بعد کرکٹرز سے انڈور اسکول اور جم میں انفرادی اسکلز پر کام کروایا گیا، مزید معلوم ہوا ہے کہ قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ مکمل ہوگیا، کھلاڑی پیر کو دوبارہ  نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جمع ہوں گے، اسی روز کپتان سرفراز احمد پریس کانفرنس کریں گے جس میں وہ ایشیا کپ  کی تیاریوں کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کریں گے، پیر کو ہی قومی ٹیم کی علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے یواے ای روانگی شیڈول ہے۔ یاد رہے کہ  ایشیائی ایونٹ 15ستمبر سے شروع ہوکر 28 سمتبر تک جاری رہے گا جس میں شریک ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں  پاکستان ، بھارت اور ہانگ کانگ شامل ہیں جبکہ گروپ بی سری لنکا،  بنگلہ دیش اور افغانستان پر مشتمل ہے، ایشیا کپ کا افتتاحی میچ بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا جبکہ پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ دبئی اسٹیڈیم میں ہی16ستمبر کو  ہانگ کانگ کے ساتھ کھیلے گی،  پاکستان اور بھارت  کی ٹیمیں 19 ستمبر کو  ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما ہوں گی۔ بھارت کو اب تک سب سے زیادہ 6 بار ایشیا کپ جیت چکا ہے، بلو شرٹس نے 1984، 1988، 1990-91، 1995، 2010 اور2016 میں یہ ٹائٹل اپنے نام کیا، سری لنکا 5 بار 1986، 1997، 2004، 2008 اور 2014  میں ایشیائی چیمپئن بن چکا ہے، پاکستان نے 2000 اور2012 میں  ایشیا کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

The post ایشیا کپ میں شرکت کے لیے قومی ٹیم آج دبئی کیلیے اُڑان بھرے گی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2oVsjCJ