فیصلوں کا مقصد پاکستان کرکٹ کو آگے لے جانا ہوگا، احسان مانی - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

فیصلوں کا مقصد پاکستان کرکٹ کو آگے لے جانا ہوگا، احسان مانی

 کراچی:  پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر کا عہدہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین میں موجود ہے لیکن انھوں نے وزیر اعظم عمران خان کے سامنے اس عہدے کے لیے ماجد خان کا نام تجویز نہیں کیا۔

خیال رہے کہ گذشتہ دن میڈیا میں شائع ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے احسان مانی کی یہ تجویز مسترد کر دی تھی کہ ماجد خان کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیف ایگزیکٹیوآفیسر مقرر کیا جائے، احسان مانی نے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ان کی جانب سے ماجد خان کو چیف ایگزیکٹیوآفیسر بنائے جانے کی تجویز سے متعلق خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

ان کے بقول یہ بات سب اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس طرح کی خبریں کون پھیلا رہا ہے اور ان کا مقصد کیا ہے، انھوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر کا عہدہ موجود ہے اور وہ بھی چاہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات آئین کے مطابق چلائے جائیں، احسان مانی نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کرکٹ بورڈ میں تمام تراختیارات چیئرمین نے اپنے پاس رکھے حالانکہ چیئرمین کا کام پالیسی اورحکمت عملی تیارکرنا ہوتا ہے اور اس پرعملدرآمد کے لیے چیف ایگزیکٹیوکوہونا چاہیے، اگر تمام اختیارات چیئرمین کے پاس ہی ہوں گے تو پھر اسے کون مانیٹر کریگا۔

میں چاہتا ہوں کہ چیئرمین سمیت ہر ایک جوابدہ ہو۔انھوں نے مزید کہا کہ چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی تقرری کے بعد بھی پی سی بی میں چیف آپریٹنگ آفیسرکا عہدہ برقرار رہے گا، چیئرمین کرکٹ بورڈ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کو بظاہر پاکستان کرکٹ بورڈ سے الگ رکھنے کی باتیں ہوتی ہیں لیکن درحقیقت پاکستان سپرلیگ کوپی سی بی کے ہی لوگ چلاتے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ اور قائد اعظم ٹرافی میں کوئی بھی فرق نہیں کرسکتا، پاکستان سپر لیگ کے معاملات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا اور اس کے روز مرہ معمولات چلانے کے لیے مینیجنگ ڈائریکٹر کی سطح کی تقرری کی جائے گی۔احسان مانی کا کہنا ہے کہ وہ میڈیا ڈپارٹمنٹ کو بھی پیشہ ورانہ انداز میں چلانا چاہتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ میڈیا کو ایک ہی جگہ سے خبریں اور معلومات فراہم کی جائیں جیسا کہ آئی سی سی اور دیگر کرکٹ بورڈز میں ہوتا ہے اسی لیے انھوں نے بورڈ میں غیر ضروری واٹس ایپ کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ انھیں پاکستان کرکٹ بورڈ میں آئے ہوئے چند ہی روز ہوئے ہیں وہ ابھی تمام معاملات کو سمجھ رہے ہیں اور کوئی بھی فیصلہ جلد بازی میں کرنے میں یقین نہیں رکھتے۔ وہ کچھ وقت لیں گے لیکن جو بھی فیصلہ کریں گے اس کا مقصد پاکستان کی کرکٹ کو آگے لے جانا ہو گا۔

The post فیصلوں کا مقصد پاکستان کرکٹ کو آگے لے جانا ہوگا، احسان مانی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2Nwqnyr