کراچی: ماہرین امراض قلب کا کہنا ہے کہ سینے کے درد (چیسٹ پین) کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے.
امراض قلب کے عالمی دن کے موقع پر جمعہ کو ٹبہ ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین نے فارم ایوو اور ایکسپریس میڈیا گروپ کے اشتراک سے منعقدہ ورکشاپ و سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہارٹ اٹیک ہونے کی صورت میں ابتدائی وقت بہت اہم ہوتا ہے، 2گھنٹے کے اندر مریض کومتعلقہ اسپتال پہنچایا جائے، جتنی جلد مریض کو اسپتال پہنچایا جائے گا اتنا ہی نقصان کم ہوگا۔
اس موقع پرٹبہ اسپتال کے امراض قلب کے ماہر ڈاکٹر عرفان الٰہی چاندنا، ڈاکٹر عدیل الرحمن صدیقی، ڈاکٹر بتول جاوید، ڈاکٹر حسان خاں نے امراض قلب سے بچاؤ اور تشخیص اور علاج کے حوالے آگاہی لیکچرز بھی دیے جبکہ شیرین قیصر نے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر عرفان الٰہی چاندنا کا کہنا تھاکہ کسی بھی صورت میں چیسٹ پین(سینے کے درد)کونظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ ہارٹ اٹیک یا انجائنا کا درد سینے کے بڑے حصے تک پھیلتا ہے اور کئی منٹ تک رہتا ہے تاہم سینے کا وہ درد جو چند سیکنڈ کا ہوپریشٓان ہونے کی صورت نہیں، لیکن سینے کے سامنے والے حصے میں اٹھنے والا دردکندھوں اور سینے کے عقب اورگردن کی جانب بڑھ رہا ہوتو مریض کو فوری اسپتال لے جانا چاہیے کیونکہ یہ درد ہارٹ اٹیک یا انجائنا کا ہوسکتا ہے، ایسی صورت میں مریض کو ایمرجنسی میں لایاجائے جہاں ڈاکٹروںکو چاہیے کہ وہ مریض کا ای سی جی، ایکواور خون کے ٹرائپ آئی ٹیسٹ لازمی کرائے، ای سی جی نارمل آنے پر ایکواورخون کے ٹیسٹ بھی کرائے جائیں کیونکہ مریض کی ای سی جی نارمل آنے پر بھی 20فیصٓد ہارٹ اٹیک کا خطرہ ہوسکتا ہے۔ ای سی جی نارمل آنے پر مریض کو فوری گھر نہیں بھیجنا چاہیے بلکہ سینے کے دردکی شکایت کرنے پر مریض کے ایکواور خون کے ضروری ٹیسٹ لازمی کرائے جائیں۔
ڈاکٹر عرفان الہیٰ چاندنا کا کہنا تھا کہ ٹراپ آئی ٹیسٹ کے ذریعے مریض کوہارٹ اٹیک ہونے یا نہ ہونے کی نشاندہی کی جاتی ہے، ایک مخصوص وقت میں ٹراپ آئی ٹیسٹ کرکے معلوم کیاجاسکتا ہے کہ مریض کو ہارٹ اٹیک ہوا ہے یا نہیں لہٰذا زیر تربیت ڈاکٹرسینے کے درد کے ساتھ آنے والے مریضوں کے تمام بنیادی ٹیسٹ ضرور کرائیں۔
ڈاکٹر عدیل صدیقی، ڈاکٹر حسان خاں اور ڈاکٹر بتول نے بھی دل کے دورے کے حوالے سے کہاکہ ہمیں اس مرض سے بچاؤ پر زیادہ توجہ دینا چاہیے، طرز زندگی میں تبدیلی لانا ضروری ہوگیا ہے۔ نارمل اور سادہ غذا کا استعمال کریں، یومیہ بنیادوں پرواک کرنے کی عادت ڈالی جائے۔
ماہرین کا کہنا تھاکہ شوگر کے مریضوں کو چاہیے کہ وہ اپنی شوگر کو کنٹرول رکھیں کیونکہ شوگر کے مریضوں کوہارٹ اٹیک کا معلوم نہیں چلتا، ایسے مریضوں کو خاموش ہارٹ اٹیک ہوتا ہے یعنی سینے میں درد کی شکایت نہیں ہوتی جبکہ بلند فشارخون کے مریضوں کو بھی اپنی طرز زندگی کو تبدیل کرنا ہوگا،غذا میں نمک کا کم سے کم استعمال مفید ہوتا ہے۔
The post سینے کا درد نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، طبی ماہرین appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » صحت https://ift.tt/2zErbcY