بیجنگ: کینسر لاحق ہونے کے بعد کیمو تھراپی کا علاج اب تک مؤثر سمجھا جاتا ہے تاہم جلد کے سرطان میں کینسر کی علامات بیرونی طور پر نمایاں ہوتی ہیں۔ اسی بنا پر طبی ماہرین نے ایک کیمو تھراپی جیل تیار کیا ہے جسے میلانوما (جلد کے سرطان کے علاج) میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اے سی ایس نینو جرنل میں شائع رپورٹ کے مطابق چین میں مختلف سائنسی اداروں سے وابستہ ماہرین کے ایک گروہ نے مشترکہ طور پر کیمو تھراپی جیل بنایا ہے اور اس کی فنڈنگ چینی سائنس فاؤنڈیشن نے کی ہے۔
اگرچہ بعض افراد جلد کے سرطان کا علاج آسان سمجھتے ہیں کیونکہ پورا سرطان جلد پر دکھائی دیتا ہے لیکن یہ بات کچھ درست نہیں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کیموتھراپی میں دوا خون کی شریانوں اور رگوں میں ڈالی جاتی ہے جس کے بہت سے تکلیف دہ سائیڈ افیکٹس بھی ہوتے ہیں۔ اس کے باوجود اسکن کینسر کا بہت سا حصہ علاج سے باہر رہ جاتا ہے کیونکہ سرطان جلد کی گہرائی میں بھی ہوتا ہے اور جلد کے باہر بھی رہتا ہے۔
جلد کا کینسر گہرائی میں جاکر لمفی غدود (لمف نوڈز) میں پہنچ سکتا ہے اور وہاں سے پورے جسم کو متاثر کرتا ہے۔ اسی بنا پر کیمو تھراپی کے اثرات کو کینسر کی کھلی ہوئی بیرونی سطح تک پہنچانا بہت ضروری ہوتا ہے۔
اسی بنا پر کیموتھراپی کی تاثیر سے بھرپور ایک ہائیڈروجیل بنایا ہے جسے جلد کےاوپر کی کیموتھراپی کہا جاسکتا ہے۔ اس میں کیموتھراپی کی مؤثر اور مشہور دوا ’پیکلی ٹیکسل‘ شامل ہے جس پر فاسفولائپڈ کی کئی پرتیں چڑھائی گئی ہیں۔ سرطان سے بگڑے ہوئے خلیات تک پہنچانے کے لیے اس میں نینو ذرات شامل کیے گئے ہیں جو دوا کو گہرائی تک لےجاتے ہیں۔
اس کے لیے ماہرین نے چوہوں کو دو گروپ میں تقسیم کیا جن میں سے ایک کو روزانہ مرہم لگایا گیا اور دوسرے گروہ کو چند روز کے وقفے سے اس کے انجکشن لگائے گئے۔ 12 روز بعد بیرونی جیل استعمال کرنے والے چوہوں میں سرطانی رسولیاں سکڑ کر آدھی رہ گئیں۔
اگرچہ اس کے ابتدائی نتائج بہت امید افزا ہیں لیکن کیمو تھراپی ہائیڈروجیل انسانوں تک پہنچنے میں کچھ وقت لگے گا۔
The post جلد کے کینسر کے خلاف موثر ’کیمو تھراپی مرہم‘ تیار appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » صحت https://ift.tt/2xKsiGx