چڑیا گھر میں ترقیاتی کام بند، تفریح کیلیے آنے والے پریشان - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

چڑیا گھر میں ترقیاتی کام بند، تفریح کیلیے آنے والے پریشان

 کراچی: چڑیا گھر میں گزشتہ 4 ماہ سے ترقیاتی کام بند ہے تفریح کے لیے آنے والے ہزاروں شہریو ں کو مشکلا ت کاسامنا ہے، سندھ حکومت کے (کراچی میگاپروجیکٹ)کے تحت ہونے والے ترقیاتی کام میں بلدیہ عظمیٰ کراچی اور سندھ حکومت کے درمیان تنازع سے کام رک گیا ہے، کراچی چڑیا گھر میں کروڑوں روپے کی لاگت سے شروع ہونے والے کام ٹھپ پڑے ہیں۔

چڑیا گھر میں تفریح کے لیے آنے والوں کے لیے بیت الخلا تک کی سہولت موجود نہیں،تفصیلات کے مطابق کراچی چڑیا گھر میں کروڑوں روپے کی لاگت سے کراچی میگا پروجیکٹ کے تحت ترقیا تی کام جاری تھا، ترقیاتی کام کے دوران پورے  چڑیا گھر میں توڑ پھوڑ کردی گئی نئے انکلوژرربنائے جارہے تھے، مختلف پرانے پنجروں کو توڑ دیا گیا تھا شہریوں کے لیے بنائے گئے پرانے بیت الخلا بھی توڑ دیے گئے۔

تاہم 4 ماہ سے کراچی چڑیا گھر میں کام بند ہے جس کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں تفریح کے لیے آنے والے شہریوں کو شد ید مشکلا ت کا سامنا ہے چڑیا گھر کے ہر گوشے میں دھو ل مٹی اڑرہی ہے جگہ جگہ ترقیاقی کام کا ملبہ اور سامان پڑا ہوا ہے، چڑیا گھر کے حکام کے اعداد وشمار کے مطابق یومیہ 4 ہزار شہری تفریح کے لیے کر اچی چڑیا گھر آتے ہیں جبکہ اتوار کے دن تعداد 7 ہز ار تک پہنچ جاتی ہے ، ترقیاتی کام بند ہونے سے شہریوں کی تفریح اذیت میں بدل رہی ہے۔

کراچی چڑیا گھر میں پیپلز پارٹی کے گزشتہ دور حکومت کے دوران آصفہ بھٹو زرداری نے دورہ کرکے حکومت سندھ کو چڑیا گھر کی تزئین وآرائش کرکے جدید بنانے کی ہدایت کی تھی جس پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خصوصی طور پرکراچی میگا پروجیکٹ کے تحت چڑیا گھر کی تزئین و آرائش اور ترقیاتی کاموں کے لیے 29 ملین روپے کی رقم رکھی تھی جس پر کام پر شروع کردیا گیا تھا لیکن4 ماہ سے چڑیا گھر میں تمام ترقیاتی کام ٹھپ پڑا ہے ،ٹھیکیدار کا کہنا ہے کہ 4 ماہ سے کام بند ہے بلدیہ عظمیٰ کراچی کام میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔

سیوریج لائن ڈالنے کے لیے اجازت نہیں دی جارہی کئی امور میں بھی روکاٹ ڈالی جارہی ہے جس کی وجہ سے کام رک گیا ہے، نئے جانوروں کے لیے نئے جنگلے (انکلوژر) تعمیر کرنے ہیں دیواروں کی تزئین و آرائش کرنی تھی جدید خطوط پر تعمیرات جاری تھیں لیکن انتخابات کے بعد حکومت کی تبدیلی کی وجہ سے ملنے والے فنڈز روک دیے گئے ہیں۔

جس کی وجہ سے کا م رک گیا ہے، کروڑوں روپے کی لاگت کے منصوبے میں حکومت سندھ کی غفلت سے ہزاروں شہری مشکلات سے دوچار ہیں، چڑیا گھر کی تزئین وآرائش کرنے والے ٹھیکیدار کا کہنا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے، اس حوالے سے ڈائریکٹر چڑیا گھر منصور قاضی نے بتایا کہ ہماری جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں ہم تو چاہتے ہیں کہ جلدازجلد چڑیا گھر کے ترقیاتی کام مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر سے بہتر تفریحی سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔

اب تک دیواروں کا کام مکمل نہیں ہوا نہ ہی جانوروں کے نئے جنگلے بنائے گئے ہیں تاکہ ہم نئے جانور لاسکیں، منصور قاضی نے بتایا کہ ٹھیکیدار سے مسلسل رابطے میں ہیں لیکن اطلاعات ہیں کہ سندھ حکومت کی جانب سے فنڈز کی فر اہمی روک دی گئی ہے جس کی وجہ سے کام رک گیا ہے انھوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ پورے چڑیاگھر میں ترقیاتی کام کے باعث دھول اور مٹی اڑرہی ہے۔

پورے چڑیا گھر میں ایک واش روم استعمال کیا جارہا ہے، ٹھیکیدار اب تک نئے واش روم تعمیر نہیں کرسکا ، ڈا ئریکٹر چڑیا گھر نے سندھ حکومت سے اپیل کی ہے کہ چڑیا گھر کی تزئین و آرائش کو جلد مکمل کیا جائے، چڑیا گھر تفریح کے لیے آنے والے شہریوں نے آصفہ بھٹو سے اپیل کی ہے کہ چڑیا گھر کی تزئین وآرائش آپ نے شروع کرائی تھی لہٰذا اسے مکمل کرانے میں بھی کردار اداکریں۔

The post چڑیا گھر میں ترقیاتی کام بند، تفریح کیلیے آنے والے پریشان appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2QiO3on