فیڈریشن پر تنقید کے بجائے پلیئرز کا احتساب ہونا چاہیے، سابق ہاکی اسٹارز - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

فیڈریشن پر تنقید کے بجائے پلیئرز کا احتساب ہونا چاہیے، سابق ہاکی اسٹارز

 کراچی:  سابق ہاکی اولمپئنز وانٹرنیشنل اسٹارزکھلاڑی نے کہا ہے کہ ایشین چیمپئن نہ بننے پر پوری قوم کی طرح ہم بھی افسردہ ہیں، شکست پر ہاکی فیڈریشن پر تنقید کرنے کے بجائے کھلاڑیوں کا احتساب ہونا چاہیے۔

1984 اولمپک گولڈمیڈلسٹ ٹیم کے رکن اولمپئن ناصر علی نے 13سابق اولمپئنز وانٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان ہاکی کے مستقبل کومحفوظ کرنا ہے، ایشین گیمز میں قومی ٹیم کی ناکامی پر ہم بھی دیگر ہموطنوں کی طرح افسردہ ہیں لیکن آج ہم میڈیا کے سامنے اس لیے آئے ہیں کہ کچھ لوگ ذاتی مفاد کے لیے پاکستان ہاکی کو تباہ کرنا چاہتے ہیں ، عہدوں کی لالچ میں جس طرح چند مخصوص ہاکی اولمپئنز و انٹرنیشنل کھلاڑی پاکستان ہاکی کو بدنام کرنے پر تلے ہوئے ہیں وہ کسی صورت قابل برداشت نہیں ہے۔

اولمپئن سلیم شیروانی نے کہا کہ ایشین گیمز کے پول میچز میں قومی ٹیم نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 45 گول کیے اور ہمارے خلاف صرف ایک گول بنا تھا، بدقسمتی سے ٹیم جاپان کے خلاف گول نہ کرسکی جس وجہ سے سیمی فائنل ہارگئے اورتیسری پوزیشن کے میچ میں بھارت کیخلاف بھی ایک گول کے فرق سے جیت نہ مل پائی، تاہم پاکستان ہاکی ٹیم نے ماضی کی نسبت بہترکھیل پیش کیا اور اسی طرح کھیل پیش کرتی رہی تو جلد پاکستانی ٹیم اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گی۔

اولمپئن ایاز محمود کا کہنا تھا کہ یہ سب پی ایچ ایف کی کاوشوں کا نتیجہ ہے جنھوں نے کھلاڑیوں کو بہترین وسائل فراہم کیے، اولمپئن کاشف جواد نے کہا کہ ہمیں انتہائی افسوس ہے کہ وہ اولمپئنز جو ٹیم کے منیجر و کوچ رہے اور ان کے دور میں پاکستانی ٹیم ایک ہی ایونٹ میں دو، دو مرتبہ بھارت سے 6اور7گولزسے ہاری ہے اور اب وہ ٹیم کی پرفارمنس پر تنقید کررہے ہیں۔

اولمپئن سمیر حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خود کھیل کو سمجھتے ہیں، وہ کھیل کی بہتری کیلیے اس سسٹم کو سپورٹ کریں ، جس میں پاکستان ہاکی ٹیم نے دوبارہ وننگ ٹریک پر قدم رکھا ہے۔

سابق انٹرنیشنل ممتاز حیدر کا کہنا تھا کہ ڈچ کوچ رولینٹ اولٹمنزبہترین کام کررہے ہیں لیکن ایشین گیمز میں گولڈ میڈل نہ جیتنے پر ٹیم سے باز پرس ضرور ہونی چاہیے لیکن چند مخصوص سابق اولمپئنز وہاکی پلیئر ایک ایجنڈے کے تحت کھلاڑیوں کے بجائے فیڈریشن سے جواب طلبی کی باتیں کررہے ہیں۔

صفدر عباس نے کہا کہ ہم میڈیا سے بھی گزارش کریں گے کہ وہ خدارا قومی کھیل کی بحالی اور کھوئے ہوئے مقام کو دوبارہ حاصل کرنے کیلیے اپنا کردار ادا کریں ، پریس کانفرنس میں اولمپئن قمر ابراہیم ،اولمپئن کامران اشرف ،اولمپئن ناصر احمد،نعیم احمد ،مبشر مختار، طارق میر، ملک خرم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

The post فیڈریشن پر تنقید کے بجائے پلیئرز کا احتساب ہونا چاہیے، سابق ہاکی اسٹارز appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2oFd68t