ڈونلڈ ٹرمپ بڑے پردے پر - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

ڈونلڈ ٹرمپ بڑے پردے پر

صدارتی انتخاب کے لیے نام زدگی، انتخابی مہم اور امریکا کے صدر بننے تک ڈونلڈ ٹرمپ پر دنیا بھر میں تنقید ہوئی، اور اب امریکی صدر کی حیثیت وہ اپنی پالیسیوں اور مختلف فیصلوں کی وجہ سے زیرِ بحث ہیں۔

جہاں سیاسی میدان میں ڈونلڈ ٹرمپ کو کئی الزامات اور تنقید کا سامنا ہے، وہیں نجی زندگی اور ان کے کردار پر بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہیں آوارہ مزاج، عیاش اور غیرسنجیدہ شخص کہنے کے ساتھ امریکی تاریخ کا بدترین صدر اور دنیا کے لیے خطرناک بھی کہا جارہا ہے، مگر امریکی مصنف گیبرائیل شرمن امریکی صدر کو کام یاب ترین انسان کے طور پر دیکھتے ہیں۔ وہ نوجوان ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنی کہانی میں ایک ذہین اور بہترین کاروباری شخصیت کے روپ میں پیش کریں گے اور اس اسکرپٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی زندگی پر فلم کی عکس بندی کی جائے گی۔

امریکی اسکرپٹ رائٹر کے مطابق وہ گزشتہ 15 سال سے ڈونلڈ ٹرمپ کے حالاتِ زندگی پر مواد اکٹھا کررہے تھے اور نوجوانی کے دور میں ڈونلڈ ٹرمپ کی اپنے کاروبار کے لیے محنت اور ان کی بدولت حاصل ہونے والی کام یابیوں سے بہت متأثر ہیں۔ اس زمانے میں موجودہ امریکی صدر ایک ابھرتے ہوئے بلڈر تھے۔

مصنف کے مطابق 1970 اور 1980 کی دہائی میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کاروباری دنیا میں خود کو کیسے مستحکم کیا اور آگے بڑھتے چلے گئے، یہ سب متاثر کن ہے اور یقیناً شائقین اسے پسند کریں گے۔ تاہم اب تک فلم کی کاسٹ، اس کی عکس بندی سے متعلق کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے۔ اس کی پروڈکشن کا کام گڈن میڈیا کے بینر تلے انجام پائے گا جب کہ مصنف گیبرائیل شرمن ایگزیکٹو پروڈیوسر بھی ہوں گے۔

The post ڈونلڈ ٹرمپ بڑے پردے پر appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2M9IIfV