اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جن لوگوں کی اسمبلی میں ایک سیٹ بھی نہیں وہ ہمیں بتا رہے ہیں کہ اسلام کیا ہے۔
کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس بریفنگ دی۔ ایک سوال کے جواب میں قادیانی مذہب سے تعلق رکھنے والے عاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کونسل میں شمولیت پر اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے دو کروڑ ووٹ لیے ہیں، اور وہ لوگ ہمیں ڈکٹیٹ کرنا چاہتے ہیں جنہیں 10 لاکھ ووٹ ملے یا جن کی ایک سیٹ بھی نہیں ہے، وہ ہمیں بتائیں گے کہ اسلام کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اقتصادی کونسل کے رکن عاطف میاں کیخلاف توجہ دلاؤ نوٹس
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ اپنی تمام اقلیتوں کو بحیرہ عرب میں ڈبونا ہے تو یہ اس کا اپنا خیال ہوگا، حکومت کی ایسی کوئی سوچ نہیں، اس طرح کی باتوں سے ہم نے دنیا میں مذاق بنوایا ہے، ہمارے پاسپورٹ سے لوگ ڈرتے ہیں، ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ آگے جانا ہے یا پسماندہ ملک بننا ہے، اس ملک میں اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت ہوگی اور ریاست فیصلہ کرے گی کہ ملک کیسے چلنا ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مدینہ کی ریاست کا اصول ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کو تحفظ دیا جائے گا، پاکستان بنا ہی اسلیے تھا کہ مسلمان اقلیت پر ظلم ہورہے تھے، بھارت میں اب بھی مسلمانوں پر مظالم ہورہے ہیں، جس بنیاد پر پاکستان نے آزادی حاصل کی کیا اسی بنیاد کو یہاں رد کردیا جائے۔
The post عاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کونسل میں شمولیت پر اعتراضات مسترد appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2oJFrKQ