کراچی: سابق وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ شراب برآمدگی کا کیس میرا ذاتی معاملہ ہے جس سے پارٹی کا کچھ لینا دینا نہیں ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کو 6 ارب روپے کرپشن کے کیس کی سماعت پر بکتر بند گاڑی میں نیب کورٹ لایا گیا جہاں صحافیوں نے ضیاء الدین اسپتال کے کمرے سے شراب کی بوتلیں ملنے کے معاملے پر سوالات کی بوچھاڑ کردی۔
سابق وزیر شرجیل میمن نے صحافیوں کو جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ شراب برآمدگی کا کیس ابھی چل رہا ہے اور انکوائری جاری ہے، سچ سب کے سامنے آ جائے گا تاہم ابھی اس معاملے پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے کا مجاز نہیں۔
ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ چیف جسٹس کے سب جیل دورے پر آپ کے کمرے سے شراب کی بوتلیں ملنے پر آپ کی جماعت دفاع نہیں کر رہی ہے جس پر شرجیل میمن نے جواب دیا کہ یہ میرا ذاتی معاملہ ہے جس سے پارٹی کا کچھ لینا دینا نہیں ہے۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ضیاء الدین اسپتال میں شرجیل میمن کے لیے سب جیل قرار دیئے گئے کمرے کا دورہ کیا تھا جس کے دوران شراب کی بوتلیں برآمد ہوئی تھیں۔
The post شراب برآمدگی میرا ذاتی معاملہ ہے پارٹی کا کوئی تعلق نہیں، شرجیل میمن appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2wUNsAF