فلاڈیلفیا: امریکی ماہرین نے ایک ایسا انوکھا اسپرے بنایا ہے جو بہت آسانی سے کسی بھی شے پر اینٹینا ثبت کرکے اسے ٹرانسمیٹر میں تبدیل کردیتا ہے۔
ہم ایک ایسی دنیا میں رہ رہے ہیں جہاں چھوٹی شے بھی وائرلیس سے جڑی ہوتی ہے۔ وائرلیس سے وابستہ ہر شے کے لیے اینٹینا لازمی ہوتا ہے اور اس کے لیے ڈریکسل یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک انوکھا اسپرے بنایا ہے جو کسی بھی شے پر فوری طور پر اینٹینا چھاپ سکتا ہے۔
اینٹینا کی یہ بالکل نئی قسم ہے جو دو جہتی (ٹوڈائمینشنل) ٹٹانیئم کاربائڈ سے بنایا گیا ہے اور بجلی کا بہترین موصل (کنڈکٹر) ہے۔ اسے میکسین کا نام دیا گیا ہے۔ دوسری خاص بات یہ ہے کہ یہ ریڈیو فری کوئنسی کی رہنمائی اور خارج کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
اس سے قبل میکسین کو سیکنڈوں میں چارج ہونے والی تجرباتی بیٹریوں میں استعمال کیا گیا تھا۔ لیکن اب اسے ڈریکسل کے ماہرین نے پاؤڈر میں ڈھالا ہے جو پانی میں گھل کر روغن یا روشنائی میں ڈھل جاتا ہے۔ اب اسے کسی بھی سطح پر اسپرے کرکےدوجہتی اینٹینا میں ڈھالا جاسکتا ہے خواہ کسی اس کی شکل کوئی بھی ہو۔
اس پر تحقیق کرنے والے مرکزی سائنسداں، ڈاکٹر یوری گوگوسی کہتے ہیں کہ برسوں کی تحقیق کے باوجود انتہائی باریک اور کارآمد اینٹینا بنانے میں کوئی کامیابی نہیں مل سکی ہے۔ اس ضمن میں ٹٹانیئم کاربائیڈ مضبوط اور بہترین کنڈکٹر ثابت ہوا ہے جس سے انتہائی باریک اینٹینا بنائے جاسکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق انتہائی باریک ہونے کے باوجود یہ عام اینٹینا کی طرح کام کرتے ہیں۔ اسی طرح گرافین، چاندی کی روشنائی اور کاربن نیوٹیوبس سے بنائے گئے ٹو ڈائمینشنل اینٹینا کے مقابلے میں ان کی کارکردگی 50 گنا بہتر ہے۔
سائنسدانوں کے مطابق اس ایجاد سے مائیکروالیکٹرانکس میں ایک انقلاب آسکتا ہے۔
The post کسی بھی شے کو ٹرانسمیٹر بنانے والا اینٹینا اسپرے appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » سائنس/ٹیکنالوجی https://ift.tt/2zrNbHF