طرابلس: لیبیا کے دارالحکومت کی جیل سے مقتول صدر معمر قذافی کے حامی سیکڑوں قیدی فرار ہو گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق طرابلس کی جیل میں قیدیوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تصادم ہوا جس کے دوران 4 سو سے زائد قیدی فرار ہو گئے۔ فرار ہونے والے قیدیوں میں اکثریت مقتول صدر معمر قذافی کے حامیوں کی ہے۔
قیدیوں کے فرار ہونے کا واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب دارالحکومت میں باغیوں اور حکومتی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں تیزی آگئی ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران جھڑپوں میں 46 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو ئے ہیں۔ قیدیوں کے فرار کے بعد جھڑپوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر میں کشیدہ صورت حال میں ساتھیوں کی ہلاکتوں کی خبر سن کر 5 سو سے زائد ملزمان نے جیل میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی۔ بعد ازاں مشتعل قیدی جیل کے مرکزی دروازے کو توڑ کر فرار ہو گئے۔ مرکزی دروازے پر تعینات محافظوں نے اپنی جانیں بچانے کے لیے قیدیوں کو نہیں روکا۔
واضح رہے کہ 27 جولائی 2013 میں بھی لیبیا کی ایک جیل سے ایک ہزار سے زائد خطرناک قیدی فرار ہو گئے تھے۔ لیبیا میں 41 سال تک بلا شرکت غیرے حکومت کرنے والے معمر قذافی کو 2011 میں خانہ جنگی کے دوران قتل کر دیا گیا تھا تاہم معمر قذافی کے حامیوں اور حکومت کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
The post لیبیا کی جیل سے معمر قذافی کے سیکڑوں حامی فرار appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2LSWhQD