چوتھا ٹیسٹ ؛ معین علی کی تباہ کن بولنگ، بھارت کو 60 رنزسے شکست - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

چوتھا ٹیسٹ ؛ معین علی کی تباہ کن بولنگ، بھارت کو 60 رنزسے شکست

ساؤتھمٹن:  ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت کو 60رنز سے شکست دیکر پانچ میچز کی سیریز میں 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

فتح کیلیے 245 رنز کا ہدف پانے والی مہمان الیون نے اتوار کو میچ کے چوتھے ہی دن 69.4 اوورز میں 184 رنز پر ہتھیار ڈال دیے، انگلش اسپنر معین علی نے71 رنزدیکر4 وکٹیں اپنے نام کیں، جیمز اینڈرسن اور بین اسٹوکس نے بھی 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں 60رنز سے کامیابی سمیٹ کر پانچ میچز کی سیریز میں بھارت  کیخلاف 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

ابتدائی دو میچز میں ناکامی کے بعد بھارت نے تیسرے میچ میں فتح حاصل کرکے سیریز میں واپسی کا ارادہ کیا تھا لیکن انگلینڈ نے ساؤتھمپٹن میں مہمان ٹیم کے ارمان خاک میں ملادیے، 245 رنز کا ہدف پانے والی بھارتی ٹیم کا ٹاپ آرڈر یکسر ناکام رہا، اوپنرز شیکھردھون 17 اور لوکیش راہول کھاتہ کھولے بغیر میدان بدر ہوگئے، ون ڈاؤن چتیشور پجارا نے 14بالز پر 5رنز اسکور کیے۔

کپتان ویرات کوہلی 58 اور اجنکیا راہنے 51رنز بناکر کچھ مزاحمت پیش کرپائے، ان کے درمیان چوتھی وکٹ کیلیے 101 رنز کی شراکت نے کسی حد تک میزبان بولرز کو پریشان کیا لیکن اس خطرناک پارٹنرشپ کا خاتمہ اسپنر معین علی نے کیا،انھوں نے کوہلی کو کک کا کیچ بنوادیا، اجنکیا راہنے بھی معین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، ہردیک پانڈیا بھی کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس ہوئے، ریشابھ پانٹ18 اور روی چندرن ایشون 25رنز سے آگے نہیں بڑھ پائے، ایشانت شرما بھی صفر کی خفت سے دوچار ہوئے، محمد شامی 8رنز بناسکے۔

جسپریت بمرا بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے، معین علی نے 71رنز دیکر4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جیمز اینڈرسن نے 33رنز کے عوض 2 وکٹیں لیں، بین اسٹوکس نے 2 وکٹوں کیلیے 34 زنز دیے،واضح رہے کہ بھارتی ٹیم پہلی باری میں 273رنز بناپائی تھی جبکہ انگلینڈ نے پہلی کاوش میں 246 اور دوسری اننگز میں 271 رنز اسکور بورڈ پر جوڑے، میچ میں 9وکٹیں لینے والے معین علی کو مین آف دی میچ بھی قرار دیاگیا۔

The post چوتھا ٹیسٹ ؛ معین علی کی تباہ کن بولنگ، بھارت کو 60 رنزسے شکست appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2CcapoH