50 لاکھ سستے گھروں کی تعمیر میں تعاون کرسکتے ہیں،الطاف بھٹ - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

50 لاکھ سستے گھروں کی تعمیر میں تعاون کرسکتے ہیں،الطاف بھٹ

 اسلام آباد: سی بی آر ہاؤسنگ سوسائٹی کے صدر الطاف بھٹ نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں50 لاکھ سستے گھر تعمیر کرناچاہتی ہے اور سی بی آر سوسائٹی اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر اس منصوبے میں حکومت کے ساتھ تعاون کر سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر کیا۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نثار مرزا ، چیئرمین فاؤنڈر گروپ زبیر احمد ملک ، خالد قریشی اور خالد چوہدری سمیت تاجر برادری کے دیگر نمائندگان بھی اجلاس میں موجود تھے۔اس موقع پر سی بی آر ہاؤسنگ سوسائٹی کے صدر الطاف بھٹ نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں 50  لاکھ سستے گھر تعمیر کرنا چاہتی ہے اور سی بی آر سوسائٹی اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر اس منصوبے میں حکومت کے ساتھ تعاون کر سکتی ہے۔

الطاف بھٹ نے کہا کہ سی بی آر سوسائٹی چیمبر کے ممبران کیلیے بھی ایک الگ بلاک تعمیر کرنے پر غور کر سکتی ہے۔ رئیل اسٹیٹ شعبے سے تقریبا 334صنعتیں وابستہ ہیں اور اس شعبے میں سرمایہ کاری سے صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ روزگار کے بھی بے شمار نئے مواقع پیدا ہوں گے۔الطاف بھٹ نے کہا کہ سی بی آر سوسائٹی میں ایک سو بستروں پر مشتمل ایک فلاحی اسپتال تعمیر کیا گیا ہے جس میں50 فیصد مریضوں کا مفت علاج ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آر سوسائٹی نے فیز ٹو کیلیے 7 سے 8 ہزار کنال زمین حاصل کر لی ہے جبکہ سوسائٹی نے20 ہزار کنال زمین خریدنے کا ہدف رکھا ہوا ہے۔

الطاف بھٹ نے کہا کہ سویٹ ہومز کی طرز پر مظفرآباد آزاد کشمیر میں بھی کشمیر سویٹ ہومز بنایا جائے گا۔ اس موقع پر انھوں نے چیمبر کو اپنی سوسائٹی کے فیز ون اور فیز ٹو میں ترقیاتی کاموں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ چیمبر سی بی آر سوسائٹی کے ساتھ مل کر باہمی دلچسپی کے منصوبوں میں جوائنٹ وینچرز پر غورکرے گا۔

الطاف بھٹ نے سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ وہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے بلڈنگ بائی لاز میں ضروری تبدیلی لانے کی کوشش کرے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک اور نائب صدر نثار مرزا نے چیمبر کا دورہ کرنے پر سی بی آر سوسائٹی کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں اداروں کا باہمی تعاون ان کے ممبران کیلیے فائدہ مند نتائج کا باعث ہو گا۔

The post 50 لاکھ سستے گھروں کی تعمیر میں تعاون کرسکتے ہیں،الطاف بھٹ appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » بزنس https://ift.tt/2oSZHKg