شہریوں سے لوٹ ماربڑھ گئی، اگست میں فائرنگ اور تشدد سے 36 افراد جاں بحق - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

شہریوں سے لوٹ ماربڑھ گئی، اگست میں فائرنگ اور تشدد سے 36 افراد جاں بحق

 کراچی: ماہ اگست کے دوران شہر میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں مجموعی طور پر 36 افراد ہلاک اور فائرنگ سے 9 پولیس اہلکاروں سمیت 138 افراد زخمی ہوئے ،کریکر بم حملے میں 2خواتین زخمی ہوئی۔

مذکورہ فائرنگ کے واقعات میں ڈکیتیوں کے دوران مزاحمت پر ہیڈ کانسٹیبل سمیت 5 افراد ہلاک اور47 افراد زخمی ہو گئے، شہر کے مختلف مقامات پر ڈکیتی و رہزنی، بنگلوں اور گھروں میںڈکیتی اور گاڑیاں چھیننے اور چوری کرنے کی سیکڑوں وارداتیں ہوئیں، شہر کی ہر سڑک پر اسٹریٹ کرمنل نے اپنے وجود کا احساس دلایا اور ہزاروں شہری قیمتی موبائل فونز اور نقدی سے محروم ہو گئے۔

ماہ اگست کے دوران اہلسنت والجماعت کے 2کارکن،کے ایم سی افسر، ہمدرد مطب کا منیجر اور لیاری گینگ وار کے کارندے سمیت 5 افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا، پولیس مقابلے کی زد میں آکر کم عمر بچی ،ریٹائرڈ آرمی اہلکار سمیت 3 افراد لقمہ اجل بنے، ذاتی دشمنی و دیگر واقعات میں خاتون سمیت 13افراد فائرنگ سے ہلاک اور 50 افراد زخمی ہوئے جبکہ تیز دھار آلے ،ڈنڈے اور تشدد سے سیاسی کارکن اور بچی سمیت 9 افراد کو قتل کیا گیا، جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ کی زد میں خواتین اور بچوں سمیت 35 افراد زخمی ہوئے۔

روزنامہ ایکسپریس کے اعداد شمار، پولیس اور دیگر ذرائع سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق پولیس اور سیکیورٹی ادارے شہر میں اسٹریٹ کرائم کا جن قابوکرنے میں اس ماہ بھی ناکام نظر آئے پولیس کے دعوے دھرے رہ گئے، ماہ اگست میں بھی بے لگام ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران ہیڈ کانسٹیبل سمیت 5 افراد کو قتل کیا گیا، 14 اگست کی رات شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے میں مسلح ملزمان نے لو ٹ مار کے دوران نوجوان حافظ محمد ندیم کو فائرنگ کرکے قتل کیا، 17اگست کو کورنگی صنعتی ایریا میں ڈاکوؤں نے شہری اشفاق احمد کو مزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔

18 اگست کی رات کو گلبرک میں نامعلوم مسلح ڈکیت 2 شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کے اس دوران شریف آباد تھانے کے ہیڈ کانسٹیبل محمد عمران نے شہریوں کو بچانے کی کوشش کی تو ملزمان نے عمران پر اندھا دھند فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے جبکہ عمران موقع پر جاں بحق ہو گیا اور ایک شہری بھی زخمی ہوگیا، 19اگست کو زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے شاہد رشید کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور لوٹ مار کے بعد فرار ہوگئے۔

20اگست کو بھی سرجانی ٹاؤن میں بے لگام ڈاکوؤں نے شہری سہیل خوشی کو مزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، شہر کے مختلف علاقوں میں مسلح ڈاکوؤں نے پولیس اہلکار سمیت 47 افراد کو زخمی کیا، ماہ اگست کو شہر قائدمیں ٹارگٹ کلنگ کے 5واقعات رونما ہوئے ،4 اگست کو پاک کالونی کے علاقے میں لیاری گینگ وار کے نامعلوم مسلح کارندوں نے تعاقب کے بعد انیل عمر بخش کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جس کے بارے میں پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول بھی لیاری گینگ وار کا رندہ تھا ۔

13اگست کو گلبہار تھانے کی حدود میں نامعلوم ملزمان نے گھر کے باہر کھڑے کے ایم سی کے انسپکٹر اعظم خان کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا،15 اگست کو دوبارہ گلبہار کے علاقے میں موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کردی اورفرار ہوگئے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے والا شہری اصغر علی ہمدرد مطب کا منیجر تھا اور پولیس افسر کا بھائی بھی تھا ،24اگست جمعے کی نماز کے بعد نیوکراچی میں جمعے کی نماز ادا کرکے موٹرسائیکل پر جانے والے 3 افراد کو تعاقب کے بعد موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ پہنے 2 ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی ۔

جس کے نتیجے میں اہلسنت والجماعت کے 2 کارکن محمد ارشد اور محمد سلیم جاں بحق اور ایک کاکرن اعظم شبیر شدید زخمی ہوگیا ، ماہ اگست میں شہر قائد میں پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر بچی سمیت3افراد لقمہ اجل بنے ، یکم اگست کو نیوکراچی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے میں فائرنگ کی زد میں آکر رکشہ ڈرائیور عبدالحسیب جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق مقتول رٹائرڈ فوجی اہلکار تھا اور رکشا چلاتا تھا ،13اگست کو ڈیفنس میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر کار میں بیٹھی معصوم 8 سالہ ایمل شدید زخمی ہوگئی اور موقع پر ہی اپنے والدین کے ہاتھوں میں دم توڑ گئی،25اگست کو گڈاپ سٹی میں پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں نوجوان بلال عظیم ہلاک ہوگیا جبکہ ایک شہری زخمی ہوگیا، اعداد وشمار کے مطابق شہر قائد میں ماہ اگست میں ذاتی دشمنی و دیگر مختلف واقعات میں فائرنگ سے خاتون سمیت 13افراد کو قتل کیا گیا۔

تیز دھارآلے ،ڈنڈوں کے وار اور تشدد کے واقعات میں پی ایس پی کے کارکن اور بچی سمیت 10 افراد کو قتل کردیا گیا فائرنگ کے مختلف واقعات میں خواتین سمیت56 افراد زخمی ہوگئے، 13 اگست کی رات جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر خواتین، بچوں سمیت35افراد زخمی ہوگئے،19اگست کو شاہ لطفیف ٹاؤن کے علاقے میں نامعلوم ملزمان نے کریکر حملہ کیا جس کے دھماکے سے 2 خواتین زخمی ہوئیں۔

ڈاکوئوں نے بینک، منی ایکسچینج کی گاڑی اور شہریوں سے 93 لاکھ روپے لوٹ لیے
ماہ اگست میں بے لگام ڈاکوئوں نے ایک بینک ڈکیتی، منی چینجر اور شہریوں سے 93 لاکھ سے زائد رقم لوٹ لی، ٹیپو سلطان میںکمرشل ایریا میں 9 دفاتروں میں نقب زنی کی واردات ہوئی، واضح رہے کہ شہر کے مختلف مقامات پر ڈکیتی و رہزنی، بنگلوں اور گھروں میںڈکیتی اور گاڑیاں چھین و چوری کی سیکڑوں وارداتیں ہوئیں،2 اگست کو فیروز آباد تھانے کی حدود میں ڈاکو بینک اسلامی پر دھاوا بول کر کیش کائونٹر سے 8 لاکھ روپے لوٹ کر باآسانی فرار ہو گئے۔

15 اگست کو شارع فیصل پر دن دہاڑے ڈاکوئوں نے شہری سے5 لاکھ روپے اور قیمتی سامان لوٹ لیا ،16اگست کو فیروزآباد میں ڈاکوئوں نے اسلحے کے زور پر منی ایکسچینج کی گاڑی روک کر 6 0لاکھ روپے چھین لیے اسی روز لانڈھی میں ایک شہری سے 15 لاکھ اور صدر میں ایک شہری سے5 لاکھ روپے ڈاکو چھین کر فرار ہوگئے ،26اگست کو ٹیپو سلطان تھانے کی حدود میں چور کمرشل ایریا کے 9 دفاتر کے تالے کاٹ کر نقدی اور لاکھوں کا سامان لوٹ کر فرار ہو گئے، 6 اگست کو بوٹ بیسن میں ڈکیت پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شمیم ممتاز سے لوٹ کر فرار ہوگئے۔

واضح رہے کہ یہ وہ واقعات ہے جن کی پولیس نے رپورٹ درج کی جبکہ شہر میں یومیہ بنگلوں ، گھروں، دکانوں ، شاہراہوں پر ڈکیتیوں کی کئی وارداتیں ہوئیں جن کی پولیس نے رپورٹ درج نہیں کی۔

مقابلوں میں 9 ڈکیت، شہریوں کے تشدد سے ایک ڈاکو ہلاک
شہر میں ماہ اگست کے دوران پولیس مقابلوں میں 9 ڈاکو ہلاک ہوئے، پولیس اور رینجرز نے مختلف جرائم میں ملوث 1409ملزمان کو گرفتار کیا پولیس مقابلوں کے دوران 8ڈاکوں ہلاک جبکہ عوام کے تشدد سے ایک ڈاکو ہلاک ہوا۔

تفصیلات کے مطابق 13اگست کو ڈیفنس پولیس نے مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک کردیا ،17اگست کو زمان ٹائون پولیس نے مقابلے میں ڈاکو ذکریا کو ہلاک کردیا،20 اگست کو کورنگی صعنتی ایریا پولیس نے مقابلے کے دوران 2 ڈاکوئوں کو ہلاک کردیا ، 22اگست کو نارتھ ناظم آباد پولیس نے مقابلے میں ڈاکو اویس جعفری کو ہلاک کیا ۔

23اگست کو فیروزآباد پولیس نے بنگلوں میں ڈکیتی کرنے والے گروہ کے 2 ڈاکویوں کو ہلاک کیا، 27 اگست کو گلبرگ کے علاقے میں ایک شہری نے 2 مسلح ڈاکوئوں پر کار چڑھادی اس دوران قریب کھڑے شہری مشتعل ہوگئے انھوں نے ڈاکوئوں کو پکڑ کر بہمیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اس دوران ایک ڈاکو عطا رمضان ہلاک ہوگیا، 28 اگست کو اتحاد ٹائون پولیس نے مقابلے میں ڈاکو زوہیب عرف ڈبلیو سی کو ہلاک کردیا ۔

پولیس کا کہنا تھا ہلاک ملزم متحدہ قومی موومنٹ کا سابق کارکن تھا پولیس کو ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے مقدمات میں انتہائی مطلوب تھا رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 113ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران جرائم میں ملوث 1174ملزمان کو گرفتارکرکے بھاری تعداد میں اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔

سڑکوں پر اسٹریٹ کرمنل کا راج پولیس نمائشی کارروائیوں میں مصروف
ماہ اگست کے دوران اسٹریٹ کرائم کے ہزاروں واقعات شاہراہوں سڑکوں اور گلی محلوں میں ہوئے، موٹر سائیکلوں پر بیٹھے مسلح ڈکیت فراٹے بھرتے رہے پولیس ماہ اگست کے دوران نمائشی کارروائیوں میں سیکڑوں اسٹریٹ کرمنلز کی گرفتاریاں ظاہر کی لیکن شہر کی ہر سڑک ، گلی اور محلے میں اسٹریٹ کرمنل نے اپنے موجود ہونے کا احساس دلایا اور ہزاروں شہری قیمتی موبائل فونز، نقدی اور قیمتی اشیا سے محروم ہوگئے۔

موبائل فون اور قیمتی اشیا اور نقدی چھن جانے کی سیکڑوں درخواستیں تھانوں میں دی گئیں اور ہزاروں لوٹ مار کی وارداتوں کے بعد شہریوں نے پولیس کے ہاتھوں رویے کی کوفت اور بے تکے سوالات اور قیمتی وقت بچانے کے لیے تھانوں کا رخ ہی نہیں کیا۔

ٹریفک حادثات و واقعات میں 155افراد جاں بحق ہوئے
ماہ اگست میں شہر قائد میں ٹریفک حادثات و دیگر واقعات میں مجموعی طورپر پولیس و رینجرز اہلکار، خواتین اور بچوں سمیت155افراد جاں بحق ہوگئے اگست کے مہینے میں شہر کے 3 مختلف علاقوں سے3 نوزائیدہ بچوں کی لاشیں ملیں واضح رہے کہ رواں سال شہر کے مختلف مقامات سے35 نوزائیدہ بچوں کی لاشیں مل چکی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف مقامات میں ٹریفک حادثات پولیس اور رینجرز اہلکار ، ماں بیٹے، خواتین اور بچوں سمیت 86 افراد جاں بحق ہوئے، خواتین سمیت 13افراد نے خودکشیاں کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا ،چھت ، بالکوانی و بلند عمارت سے پراسرار طورپر گر کر 5افراد ہلاک ہوئے، کرنٹ لگنے سے 38افراد ہلاک ہوئے، ڈوبنے سے 3 افراد، دم گھٹنے سے 6 افراد اورٹرین کی زد میں آکر 3 افراد لقمہ اجل بنے ، شہر کے مختلف علاقوں سے 7 افراد کی لاشیں جس کے بارے میں پولیس کا کہنا تھا کہ متوفین مختلف نوعیت کا نشہ کرتے تھے۔

شہر میں پتنگ کی ڈور سے ایک شہری جاں بحق اور 5افراد شدید زخمی ہو گیا، زہر خورانی سے خاتون سمیت 2افراد ہلاک ہوئے، 14 اگست جشن آزادی کے موقع پر نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی میں پٹاخہ پھٹنے سے جھلس کر ایک شہری جاں بحق ہوا جبکہ شاہراہ فیصل تھانے کی حدود رابعہ سٹی کے گھر میں جنریٹر کا دھواں کمرے میں بھر جانے سے میاں اور بیوی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

 

The post شہریوں سے لوٹ ماربڑھ گئی، اگست میں فائرنگ اور تشدد سے 36 افراد جاں بحق appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2Q00ZiL