واشنگٹن: امریکا نے چینی مصنوعات پر200 ارب ڈالر کے نئے ٹیکس عائد کردیئے جو رواں برس کے دوران چینی مصنوعات پرتیسرا ٹیرف ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکا نے چینی مصنوعات پر200 ارب ڈالرکے نئے ٹیکس عائد کردیئے، ٹیکس 5000 سے زائد اشیا پرنافذ کیے گئے ہیں جواب تک لگائے جانے والے سب سے بڑے محصولات ہیں، عائد کردہ ٹیکس 24 ستمبرسے لاگو ہوں گے جب کہ اگلے سال یہ 10 فیصد سے شروع ہو کر25 فیصد تک پہنچ جائیں گے۔
اس سے متعلق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ چین کی ناانصافی پرمبنی تجارتی طریقوں کا جواب ہے، ہم اس بارے میں بہت واضح رہے ہیں کہ تبدیلیوں کی ضرورت ہے اورامریکا کی جانب سے چین کوٹھیک ہونے کا ہرموقع دیا گیا لیکن اب تک چین نے اپنے طریقہ کارکونہیں بدلا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید خبردارکرتے ہوئے کہا کہ اگرچین نے اس پر مزاحمت کی تو امریکا فوری طور پر فیز3 پرعمل کرے گا جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ 267 ارب ڈالر کی چینی اشیا پر مزید ٹیکس لگا دے گا۔
واضح رہے کہ یہ امریکا کی جانب سے رواں برس کے دوران چینی مصنوعات پر تیسرا ٹیرف ہے،جولائی میں امریکا نے 34 ارب ڈالر کی چینی اشیا پر ٹیرف میں اضافہ کیا تھا، گذشتہ ماہ کے دوران امریکا نے دوسرے مرحلے میں 16 ارب ڈالر کی اشیا پر25 فیصد ٹیکس عائد کیا تاہم یہ حالیہ ٹیرف میں سب سے زیادہ ہے۔
The post امریکا نے چینی مصنوعات پر200 ارب ڈالرکے نئے ٹیکس عائد کردیئے appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2DfoJNU