واشنگٹن: امریکا میں سمندری طوفان ’فلورنس‘ تباہی پھیلا کر گزر گیا تاہم مختلف واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سمندری طوفان ’فلورنس‘ نے سب سے زیادہ نقصان شمالی کیرولینا کے 8 شہروں کو پہنچایا تاہم جنوبی کیرولینا کے شہر بھی متاثر ہوئے۔
طوفان کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، گھروں کی چھتیں گرنے اور شاہراؤں پر درخت گرنے کے مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 50 سے زائد زخمی ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں پینے کے پانی اور خوراک کی قلت پیدا ہو گئی ہے جب کہ بجلی کی فراہمی معطل اور معمولات زندگی درہم برہم ہیں۔ سڑکیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں اور سیلابی پانی رہائشی علاقوں میں جمع ہے۔ شاہراؤں پر درخت گرنے کی وجہ سے ٹریفک معطل ہے۔
ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کردیا ہے اور سیلاب میں پھنسے ہوئے شہریوں کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال انتظامیہ نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
ادھر گزشتہ روز فلپائن میں آنے والا طوفان ’منگ کھٹ‘ 28 افراد کو ہلاک اور بڑے پیمانے پر تباہی مچانے کے بعد ہانگ کانگ پہنچ گیا ہے۔
The post امریکا میں سمندری طوفان ’فلورنس‘ سے ہلاکتیں 13 ہوگئیں appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2OtWT1d