کیرالہ: بھارتی ریاست کیرالہ میں کوچی شہر کے ایئرپورٹ ’کوچن‘ کو بارش اور سیلاب کا پانی جمع ہونے کے بعد چار دن کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کیرالہ کے شہر کوچی میں واقع شمسی توانائی سے چلنے والے دنیا کے پہلے ایئرپورٹ کے آپریشن کو بارش اور سیلاب کی وجہ سے ہفتے کے روز تک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ میں تاحد نگاہ پانی کھڑا ہے جسے نکالنے کے لیے ہیوی موٹر پمپ استعمال کیے جارہے ہیں لیکن انتظامیہ کو ناکامی کا سامنا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دستیاب موٹرز پمپ پانی کی اتنی مقدار کو نکالنے کے ناکافی ہیں اس لیے ایئرپورٹ کو آپریشنل ہونے کے لیے چار دن لگ سکتے ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں : بھارتی ریاست کیرالہ میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 29 افراد ہلاک
کیرالہ کا کوچن ایئرپورٹ اپنے 46 ہزار سولر پینل سے بجلی پیدا کرتا ہے۔ یہ شمسی توانائی سے چلنے والا دنیا کا پہلا ایئرپورٹ ہے تاہم سولر پینل کا تمام علاقہ بھی سیلاب کے پانی سے بھر گیا ہے۔ جس کی وجہ سے درکار بجلی بھی پیدا نہیں ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ کیرالہ میں مون سون بارشوں کے سبب بڑے پیمانے پر تباہی مچی ہے۔ پانی کی سطح بلند ہونے پر اِڈوکی ڈیم کے دروازے کھولنا پڑے تھے جس کے نتیجے میں سیلاب کا پانی جہاں کئی دیہاتوں کو بہا لے گیا وہیں ایئرپورٹ بھی محفوظ نہ رہ سکا۔
The post بھارتی ریاست کیرالہ میں شدید سیلاب کے باعث ایئرپورٹ بند appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2MwPyAe