ایم سی سیز کا کرنسی ڈیٹا متعلقہ اداروں سے شیئر کرانے کی تجویز - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

ایم سی سیز کا کرنسی ڈیٹا متعلقہ اداروں سے شیئر کرانے کی تجویز

اسلام آباد: ڈائریکٹوریٹ جنرل کسٹمز انٹیلی جننس اینڈ انویسٹی گیشن (ایف بی آر) نے تمام ماڈل کسٹمز کلکٹریٹس (ایم سی سیز) کی جانب سے پکڑی اور ضبط کی جانے والی اسمگل شُدہ و غیر قانونی کرنسی اور کرنسی ڈیکلیریشنزکا ڈیٹا باقاعدگی کے ساتھ فنانشل مانیٹرنگ یونٹ و ڈی جی کسٹمز کے ساتھ شیئر کرنے کی تجویز دے دی ہے۔

’’ایکسپریس‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق یہ تجویز ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جننس شوکت علی کی جانب سے ایف بی آر کے ممبر کسٹمز محمد زاہد کھوکھر کو لکھے جانے والے لیٹر میں دی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ملک بھر میں قائم تمام ماڈل کسٹمز کلکٹریٹس (ایم سی سیز)کو ہدایت کی جائے کہ ان کے پاس جمع کرائے جانے والے کرنسی ڈیکلیریشنز کے ساتھ ساتھ لوگوں سے پکڑی و ضبط کی جانے والی غیر قانونی کرنسی کا ڈیٹا اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ اور ڈائریکٹوریٹ جنرل کسٹمز انٹیلی جننس کے ساتھ شیئر کیا جائے اور اس میں جن لوگوں کی جانب سے کرنسی ڈیکلیریشن دیے گئے ہیں ان کے کوائف اور جن لوگوں سے غیر قانونی کرنسی پکڑ کر ضبط کی گئی ہے ان لوگوں کے کوائف بھی شیئر کیے جائیں تاکہ اسے منی لانڈرنگ و ٹیررازم فنانسنگ کی روک تھام کیلیے استعمال میں لایا جاسکے۔

اس کے علاوہ یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ کرنسی اسمگلنگ اور کرنسی مس ڈیکلیریشن کے کیسوں کی سماعت و پراسیکیوشن کو بھی نتیجہ خیز بنایا جائے۔ دستاویز کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل کسٹمز انٹیلی جننس کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ کو ہدایت کی جائے کہ کرنسی مس ڈیکلیریشن اور ضبط شُدہ کرنسی کا جو ڈیٹا فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے ساتھ شیئر کیا جائے اس کے ساتھ فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کو یہ بھی درخواست کی جائے کہ جو ڈیٹا ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ یونٹ کی جانب سے بھجوایا جارہا ہے اس ڈیٹا کا جائزہ لے کر جس کیس کو بھی ضروری سمجھیں اسے ٹیرازم فنانسنگ کی تحقیقات کیلیے متعلقہ لا انفورسمنٹ ادارے کو بھجوایا جائے۔

دستاویز میں یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ ایف بی آر کے متعلقہ ماڈل کسٹمز کلکٹریٹس کے ذریعے کرنسی مس ڈیکلیریشن اور اسمگلنگ کے کیسوں کی نتیجہ خیز سماعت و پراسیکیوشن کو بھی یقینی بنایا جائے۔ اس بارے میں ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور کرنسی کی اسمگلنگ و ٹیررازم فنانسنگ کی روک تھام کیلیے سخت پالیسی اپنائی گئی ہے جس میں خاطر خواہ کامیابیاں بھی حاصل ہوئی ہیں۔

 

The post ایم سی سیز کا کرنسی ڈیٹا متعلقہ اداروں سے شیئر کرانے کی تجویز appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » بزنس https://ift.tt/2MjSiBY