سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے ریاستی دہشت گردی کے دوران ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید اور متعدد کو زخمی کردیا۔
بھارتی فورسز نے ضلع کپواڑہ کے علاقے ہندواڑہ میں محاصرے اور سرچ آپریشن کے دوران نوجوان کو شہید کیا جبکہ سرچ آپریشن کے دوران علاقے میں دھماکے اور فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، آپریشن میں ایک نوجوان کو شہید کردیا گیا۔ واضح رہے کہ بدھ کے روز بھی بھارتی فورسز نے ضلع اننت ناگ میں 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق ، محمد اشرف صحرائی، ظفر اکبر بٹ، فریدہ بہن جی، شبیر احمد ڈار، اقبال میر، احسن اونتو، امتیاز احمد ریشی اور غلام نبی وار نے اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیری نوجوان حق پر مبنی کاز کیلیے اپنی جانیں لٹا رہے ہیں اور ان کی قربانیوںکو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، انھوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بدھ کے روز اسلام آباد قصبے کے علاقے مہمان محلہ میں شہید ہونے والے 2 نوجوانوں عادل احمد بٹ اور بلال احمد ڈار کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
نوجوانوں کی شہادت پر ضلع کولگام کے علاقوں اور اسلام آباد قصبے میں مکمل ہڑتال کی گئی، اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی پولیس کی طرف سے پارٹی رہنماؤں بشیر احمد قریشی، عاشق حسین نارچور اور آصف احمد دادا کی سرینگر اور اسلام آباد میں ان کے گھروں پر چھاپوں کے دوران گرفتاری اور ان کے اہلخانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت کی۔
مقبوضہ کشمیر میں مسلم دینی محاذ نے غیر قانونی طور پر نظر بند پارٹی صدر ڈاکٹر محمد قاسم فکتو کی گرتی ہوئی صحت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں خطے کی ادھمپور جیل کی انتظامیہ انھیں طبی سہولتیں فراہم نہیں کر رہی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسلم دینی محاذ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ڈاکٹر محمد قاسم فکتو کو مختلف امراض کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود انھیں سرینگر سے ادھمپور کی دور دراز جیل میں منتقل کیا گیا حالانکہ ہائی کورٹ نے انھیں سینٹرل جیل سرینگر میں ہی رکھنے کے احکام دے رکھے ہیں، انھوں نے کہا کہ محمد قاسم فکتو کی صحت روز بہ روز گر رہی ہے لیکن ان کا علاج نہیں کرایا جا رہا۔
The post مقبوضہ کشمیر سے بھارتی سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے نوجوان شہید، متعدد زخمی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » انٹر نیشنل https://ift.tt/2JZTuEr