کراچی: گورنر سندھ محمد زبیرنے الیکشن 2018 کے نتائج پر شدید تحفظات کااظہار کرتے ہوئے انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگادیا۔
گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ میں نے گزشتہ روز ہی گورنر شپ سےاستفیٰ دے دیا تھا، مجھے الیکشن کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں، 4 روز گزرنے کے باوجود ابھی تک گنتی جاری ہے، 2018 کے الیکشن مینیج کیے گئے ہیں۔
گورنر سندھ نے الیکشن میں دھاندلی کےالزامات لگاتے ہوئے کہا کہ دھاندلی کے کئی شواہد اور ثبوت ویڈیوز کے ذریعے ملے ہیں، ووٹوں کی گنتی کے وقت پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیاگیا، الیکشن کمیشن کا آر ٹی ایس سسٹم بیٹھ گیا یا بٹھادیا گیا، سیکرٹری الیکشن کمیشن نے آر ٹی ایس میں خرابی سے متعلق پریس کانفرنس بھی بہت تاخیر سے کی۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: گورنر سندھ محمد زبیر نے استعفیٰ دے دیا
محمد زبیر نے کہا کہ آج تک گنتی پر جھگڑے ہورہے ہیں، امیدواروں کو دوبارہ گنتی کے حوالے سے مطمئن نہیں کیاجارہا، الیکشن سے قبل نواز لیگ کے خلاف ماحول خراب کیاگیا، (ن)لیگ کے رہنماؤں میں سے کسی کو نااہل تو کسی کو مقدمات کا سامنا کرنا پڑا، دنیا کی تاریخ میں ایسی مثال نہیں ملتی کہ ایک روزپہلے رات گئے کسی امیدوار کو سزاسنا دی گئی۔ گورنر سندھ نے کہا آئندہ حکومت کا اختیار ہونا چاہئیے کہ وہ اگلا گورنر کسے منتخب کرتی ہے۔
واضح رہے کہ صوبہ سندھ کے گورنر محمد زبیرنے گزشتہ روز صدر مملکت ممنون حسین کو اپنا استعفیٰ بھجوایاتھا تاہم صدر پاکستان نے ابھی تک ان کا استعفیٰ منظور نہیں کیا ہے۔
The post گورنر سندھ کا الیکشن میں دھاندلی کا الزام، نتائج پر شدید تحفظات کا اظہار appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2NUn0Oi