کراچی: تاجر برادری نے عام انتخابات کے پر امن انعقاد پر پاک فوج کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت (ایف پی سی سی آئی) کے سینئرنائب صدر سیدمظہرعلی ناصر نے کہا کہ الیکشن میں کامیابی کے بعد پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی تقریر سے لگتا ہے کہ وہ تبدیلی کے لیے پرعزم ہیں اور وہ بہت سی تبدیلیاں لانا چاہتے ہیں۔ توقع ہے کہ وہ اکنامک ایشوز پر فوری ایکشن لیں گے، تبدیلی کی باتیں خوش آئند ہیں۔ ہم عمران خان اور ان کی ٹیم کو دعوت دیں گے کہ ایف پی سی سی آئی کے ساتھ مل کرملک کے اہم ترین مسائل بالخصوص تجارتی خسارے کو دور کرنے اور ایکسپورٹس بڑھانے پر توجہ دیں۔
مظہر علی ناصر نے کہا کہ پیداواری لاگت کو کم کرنے اورغیرملکی سرمایہ کاری کو ملک میں لانے پر بھی کام کیا جائے، ہم فیڈریشن چیمبر آف کامرس عمران خان اور ان کی ٹیم کے ساتھ مل کرملک کومشکل حالات سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ اور ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر وحید احمد نے عام انتخابات میں تحریک انصاف کی تاریخی کامیابی کے بعد چیئرمین عمران خان کی جانب سے پہلی عوامی تقریر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سادہ اور پراثر تقریر میں عمران خان نے مخالفین کے خلاف سیاسی انتقام نہ کرنے اور ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور خارجہ چیلنجز کا احاطہ کیا جس سے عوام، تاجروں، نوجواں اور کسانوں کو حوصلہ ملاہے۔ تحریک انصاف کی وفاق میں بننے والی حکومت کو جن کڑے چیلنجز کا سامنا ہے، ان میں پانی کی قلت، روپے کی تیزی سے گرتی ہوئی قدر، مالیاتی خسارہ، برآمدات میں کمی، ٹیکس وصولی کے نظام کی خامیاں اور سوشل سیکٹر تعلیم و صحت کے شعبوں میں بدعنوانی جیسے مسائل سامنے ہیں۔
وحید احمد نے کہا کہ آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز امپورٹرز ایسوسی ایشن نے ایف پی سی سی آئی کے ساتھ مل کر ملک میں ہارٹی کلچر سیکٹر کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے ملک گیر مشاورت کے بعد ایک جامع روڈ میپ تشکیل دیا ہے جس سے تحریک انصاف کی نومنتخب حکومت بھرپور فائدہ اٹھاسکتی ہے۔ یہ روڈ میپ مذکورہ تمام مسائل کی شدت کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
سارک چیمبر آف کامرس کے سینئرنائب صدر اور یونائٹیڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ الیکشن میں تحریک انصاف کامیاب ہوچکی ہے اس لیے اب سیاسی جماعتیں ایک دوسرے سے منہ موڑ کر بیٹھنے کے بجائے معیشت کی ترقی کیلیے کام کریں، ملک کا قرضہ اتارنے کیلیے ملکی خزانے کو بھرنا پڑے گاجس کیلیے سب آگے آئیں، ملک کیلیے بیٹھ کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بہت اچھی تقریر کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ تاجر اورصنعتکار برادری کو ساتھ لے کرچلیں گے، اس وقت نئی حکومت کو بہت سے چلینجز ہونگے جن میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے دباؤکا بھی سامنا ہوگا، ایکسپورٹس اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کیلیے توجہ دینے کی ضرورت ہے، ہمارے سیاستدان اب سیاسی محاذ آرائی ختم کرکے ملک کی بہتری کیلیے مل کر کام کریں۔
افتخار علی ملک نے کہا کہ نئی حکومت کو ریجن میں تجارتی روابط بہتر بنانے کیلیے کام کرنے ہونگے، ہم ہمسایوں کو بدل نہیں سکتے لیکن تعلقات کو بہتر بنا سکتے ہیں جس کیلیے خارجہ پالیسی پر بھرپور توجہ دینی ہوگی، میں بزنس کمیونٹی کی جانب سے عمران خان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ملک کو کرائسز سے نکالنے کیلیے قوم اور بزنس کمیونٹی کا اعتماد بحال کریں، ریسرچ پر توجہ دینی ہوگی، عمران خان اوران کی ٹیم کو محنت کرنی ہوگی، ہم نئی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے کیونکہ پہلے پاکستان ہے۔
The post کاروباری برادری نے نومنتخب حکومت سے امیدیں لگالیں، تعاون کی پیشکش appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » بزنس https://ift.tt/2Aj4kpw