عمران خان سے سعودی سفیر کی ملاقات، شاہ سلمان کا خصوصی پیغام پہنچایا - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

عمران خان سے سعودی سفیر کی ملاقات، شاہ سلمان کا خصوصی پیغام پہنچایا

 اسلام آباد: پاکستان میں متعین سعودی سفیر نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی اور الیکشن جیتنے پر سعودی فرمانروا کی جانب سے انہیں مبارکباد اور تہنیتی پیغام پہنچایا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان میں متعین سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے بنی گالہ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اور انتخاب جیتنے پر سعودی فرمانروا کی جانب سے مبارکباد اور تہنیتی پیغام پہنچایا۔

پاکستان میں انتخابی عمل کی تکمیل پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف کا خطاب نہایت مثبت اور جامع تھا، ان کی جانب سے سعودی عرب کے بارے میں جن خیالات و جذبات کا اظہار کیا گیا اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

سفیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب باہم محبت، دوستی اور بھائی چارے کے بندھن میں جڑے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے عوام میں جذباتی قربت اور وابستگی ہے اور آئندہ حکومت کے ساتھ بھرپور اور متحرک سفارتی تعلقات کے خواہش مند ہیں، سعودی حکومت ہمیشہ کی  طرح آئندہ بھی ہر کڑے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

سعودی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں اقتدار کی منتقلی کا عمل مکمل ہوتے ہی سعودی ولی عہد پاکستان کا دورہ کریں گے، سعودی ولی عہد کے اس دورے سے پاکستان کے ساتھ تعلقات کے ایک نئے دور کی بنیاد ڈالیں گے۔

اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سعودی حکومت خصوصاً فرمانروا کی جانب سے تہنیتی پیغام اور نیک خواہشات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب برادر اسلامی ملک اور پاکستان کا بااعتماد دوست ہے، تحریک انصاف کی حکومت پاکستان اور سعودی تعلقات کو ایک نئی جہت سے ہمکنار کرے گی کیوں کہ سعودی عرب کو ہماری خارجہ پالیسی میں خاص مقام حاصل ہے۔

ملاقات کے اختتام پر چیئرمین تحریک انصاف نے سعودی سفیر کو محبت اور گرم جوشی سے رخصت کیا۔

The post عمران خان سے سعودی سفیر کی ملاقات، شاہ سلمان کا خصوصی پیغام پہنچایا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2K0VFHQ