کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان سندھ کے شہری علاقوں کے انتخابی نتائج کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے کیوں کہ ملکی تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی۔
پارٹی کے عارضی مرکز بہادرآباد میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پولنگ کے بعد دھاندلی کرکے نتائج بدل کر ڈبوں میں مطلوبہ بیلٹ پیپر ڈال کر دھاندلی کو قانونی شکل دی جارہی ہے تا کہ اگر اس پر اعترا ضا ت داخل ہوں تو مطلوبہ ووٹ ڈبے سے نکل سکیں۔
فیصل سبزواری نے کہاکہ پہلے سیاسی جماعتیں دھاندلی کرتی تھی اس بار الیکشن کمیشن نے دھاندلی کی۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں کے عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ 5سال کے مصائب کے باوجود حق پرست عوام نے انتخابات میںبھرپور حصہ لیا اور ایم کیو ایم کو ریکارڈ ووٹ ڈالے۔
خالد مقبول نے کہاکہ ہم پورے پاکستان کو آگاہ کرتے رہے ہیں کہ پہلے سندھ کے شہری علاقوں کے ساتھ پری پول رگنگ ہوچکی ہے، مردم شماری اور حلقہ بندی کے ذریعے سندھ کے شہری علاقوں کی آبادی کم کی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ بدھ کو شام 6 بجے پولنگ ختم ہونے کے بعد قانون کے برخلاف ہمارے پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکال دیا گیا اور انھیں فارم 45پر نتیجہ نہیں دیا گیااور اسی دوران ٹھپے لگا کر بیلٹ باکس بھرے گئے لہٰذا اس چوری اور دھاندلی پر پوری قوم چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کرتی ہے جنھوںنے ملک کی انتخابی تاریخ کو داغدار کردیاہے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہو ئے کہاہے کہ وہ انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کا بھی نوٹس لیں۔
The post تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی، نتائج مسترد کرتے ہیں، ایم کیو ایم پاکستان appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2LI3Eyy