بورڈ کیلیے ڈومیسٹک کرکٹ رسمی کارروائی بن گئی - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

بورڈ کیلیے ڈومیسٹک کرکٹ رسمی کارروائی بن گئی

لاہور: ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی کیلیے رسمی کارروائی بن کر رہ گئی، موسم کا لحاظ کیے بغیر شیڈول کیے جانے والے ایونٹ بے کار کی مشق ثابت ہوئے۔

کسی بھی ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ کو ٹیلنٹ سامنے لانے اور نکھارنے کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے لیکن پی سی بی کے زیر اہتمام ایونٹس محض ایک رسمی کارروائی بن چکے ہیں،سال کے آغاز میں کیلنڈر جاری کرنے سے گریز کرتے ہوئے عین موقع پر ٹورنامنٹ اور شیڈول کا اعلان اور اس میں بھی موسم کے بجائے اپنی سہولت کو پیش نظر رکھا جاتا ہے۔

لاہور میں سینئر انٹرڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ 15 جولائی کو شروع ہونے کے بعد گذشتہ روز ختم بھی ہوگیا،اس دوران 3روزہ کرکٹ کے 5میچز شیڈول کیے گئے تھے، مسلسل بارشوں سے بیشتر مقابلے متاثر ہوئے اور صرف 30فیصد اوورز ہوسکے۔

سینئر انٹرڈسٹرکٹ ایونٹس قائد اعظم ٹرافی کیلیے نرسری کا درجہ رکھتے ہیں،یہیں سے سامنے آنے والے باصلاحیت کرکٹرز آگے چل کر قومی سطح کے ایونٹ میں اپنے ریجن کی نمائندگی کرتے ہیں،مگر اس بار موسم کی وجہ سے ان کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ہی نہیں مل سکا۔

نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے بات کرتے ہوئے نوجوان کرکٹرز نے کہا کہ کھیلنے کے مواقع ہی نہ ملیں تو اپنا ٹیلنٹ کہاں دکھائیں گے؟ شاید ہی کسی دن بارش کی وجہ سے کھیل متاثر نہ ہوا ہو،ایک رات بارش ہوجائے تو اگلے 2روز تک میدان کھیلنے کے قابل نہیں ہوتا۔

یاد رہے کہ پی سی بی نے ایک انوکھا فیصلہ کرتے ہوئے طویل فارمیٹ کی اہمیت کو نظر انداز کرکے انٹرڈسٹرکٹ انڈر19ٹورنامنٹ بھی ون ڈے کردیا تھا،جنوری میں ہونے والے اس ایونٹ کے کئی میچز بھی دھند سے متاثر ہوئے تھے۔

 

The post بورڈ کیلیے ڈومیسٹک کرکٹ رسمی کارروائی بن گئی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2NTuQb2