اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے مخصوص نشستوں کا کوٹہ طے کرلیا ہے جس کے تحت تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں خواتین اور اقلیتوں کی 29 مخصوص نشستیں ملنے کا امکان ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے مخصوص نشستوں کا کوٹہ طے کرلیا ہے جس کے تحت سیاسی جماعتوں کو قومی اسمبلی، سندھ ، پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی 4.5 جب کہ بلوچستان اسمبلی میں 4.6 جنرل نشستوں پر خاتون کی ایک مخصوص نشست ملے گی۔ اس کے علاوہ قومی اسمبلی کی 27 جنرل نشستوں پر ایک اقلیتی نشست ملے گی، پنجاب اسمبلی میں 37، خیبر پختونخوا اسمبلی میں 33 ، بلوچستان اسمبلی میں 17 جب کہ سندھ اسمبلی کی 14 جنرل نشستوں پر اقلیت کی ایک نشست ملے گی۔
الیکشن کمیشن کے طے کردہ فارمولے کے تحت تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں خواتین کی 25 جب کہ اقلیت کی 4 مخصوص نشستیں یقینی طور پر ملیں گی۔ (ن) لیگ کو خواتین کی 14 اور اقلیت کی 2 ، پیپلز پارٹی کو خواتین کی 9 اور اقلیت کی کم از کم ایک مخصوص نشست ملنے کا امکان ہے تاہم آزاد حیثیت سے جیتنے والے امیدواروں کی شمولیت کی صورت میں سیاسی جماعتوں کی مخصوص نشستوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کواب تک ملنے والی جنرل نشستوں کی بنیاد پر خواتین کی کم از کم 32، تحریک انصاف کو 29، مسلم لیگ (ق) کو 3 اور پیپلز پارٹی کو خواتین کی 2 نشستیں ملیں گی۔
The post تحریک انصاف کی قومی اسمبلی میں 29 مخصوص نشستیں یقینی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2LWHDZP