ورلڈ جونیئر اسکواش، بھارت کا پاکستانی پلیئرز کو ویزے دینے سے انکار - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

ورلڈ جونیئر اسکواش، بھارت کا پاکستانی پلیئرز کو ویزے دینے سے انکار

 اسلام آباد:  بھارتی حکومت کی پاکستان دشمنی کھیلوں کے مقابلوں پر بھی اثر انداز ہونے لگی بھارتی حکومت نے پاکستان کے جونیئر اسکواش پلیئرز کو ویزے دینے سے انکار کردیا۔

انٹرنیشنل ایونٹ میں پاکستان کی ٹیم کی عدم شرکت سے جونیئرورلڈ چیمپئن شپ کے معطل ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، پاکستان اسکواش فیڈریشن نے ورلڈ اسکواش باڈی سے رابطہ کرتے ہوئے معاملہ کو حل کرنے یا ایونٹ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔  ورلڈ جونیئر اسکواش انفرادی اور ٹیم چیمپئن شپ شیڈول کے مطابق 18سے23 جولائی تک بھارت کے شہر چنئی میں کھیلی جانی ہے جس کیلیے فیڈریش نے3 آفیشلز اور6 کھلاڑیوں کوبھیجنے کا منصوبہ بنایا۔ فیڈریشن نے ایونٹ کی تیاری کیلیے کئی ماہ سے تربیتی کیمپ لگایا، بھارتی آرگنائزر نے پاکستان کو بروقت ویزہ اپلائی کرنے کیلیے کہا تھا، پاکستان نے ایونٹ میں شرکت کیلیے بھارتی ہائی کمیشن کو 35 روز قبل ویزوں کیلیے درخواست دی تھی اور اس حوالے سے ورلڈ اسکواش فیڈریشن، ایشین اسکواش فیڈریشن کو بھی آگاہ کیا تاکہ درکار معاونت کو یقینی بنایا جاسکے۔

20 جون کو اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کے تمام پاسپورٹ واپس کرتے ہوئے ویزے جاری کرنے سے انکارکردیا۔ بھارتی ہائی کمیشن نے ابتدا سے ہی کہا تھاکہ وہ ویزہ جاری کرنے کی حالت میں نہیں ہیں تاہم اس حوالے سے کوئی عذر پیش نہیں کیا گیا۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن نے بھارتی ہٹ دھرمی پر ورلڈ اسکواش باڈی سے رابطہ کیا ہے کہ وہ معاملے کو دیکھتے ہوئے ورلڈ جونیئر چیمپئن شپ میں پاکستان کی شرکت کو یقینی بنائے یا آرگنائزر اس ایونٹ کو منسوخ کریں۔

ورلڈ فیڈریشن کو آگاہ کیا گیا ہے کہ پاکستان نے ویزوں کیلیے بروقت درخواست دی کسی بھی انٹرنیشنل ایونٹ کیلیے غیر ملکی کھلاڑیوں کے ویزوں کو ترجیحی معاملات پر حل کیا ہے، پاکستان اسکواش فیڈریشن نے نہ صرف بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی ویزہ اپلائی کرنے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا بلکہ سچیکا انجلی اور ان کی والدہ کو پاکستان میں قیام کے دوران وی آئی پی پروٹوکول دیا ہے۔

The post ورلڈ جونیئر اسکواش، بھارت کا پاکستانی پلیئرز کو ویزے دینے سے انکار appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » کھیل https://ift.tt/2yHCPoD