اسلام کوٹ کو سندھ کا پہلا ایس ڈی جی ماڈل بنانے کا فیصلہ - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

اسلام کوٹ کو سندھ کا پہلا ایس ڈی جی ماڈل بنانے کا فیصلہ

 کراچی:  حکومت سندھ نے ضلع تھر پارکرکے تعلقہ اسلام کوٹ کو سندھ کا پہلا پائیدار ترقی اہداف (ایس ڈی جی) ماڈل کے مطابق بنانے کے غیر معمولی عزم کا اعادہ کیا۔

پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کثیر شعبہ جاتی طریقہ کار اور پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے ذریعے ایس ڈی جی کے اہداف کا تعین کیا جائے گا اور اسلام کوٹ میں لاگو کیے جائیں گے۔

اسلام کوٹ خطے میں کوئلہ کان کنی اور توانائی کے منصوبوں کی سرگرمیوں کا مرکزہے اور سندھ بھر میں پہلا جغرافیائی علاقہ ہوگا جہاں ایس ڈی جی کے منفرد ماڈل کو پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے ذریعے لاگو کیا جائے گا جس کے تحت علاقے میں تعلیم، علاج معالجہ ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، بھوک افلاس کے خاتمے، توانائی کی پیداوار، روزگار کے مواقع اور معاشی نمو کو ترجیح دی جائے گی، پائیدار ترقی اہداف کے جدید ماڈل کی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے منظوری دی۔

اسلام کوٹ ضلع تھر پارکرکا تعلقہ ہے اور یہ ملک کے سب سے پسماندہ علاقوں میں سے ایک ہے۔ مقاصد کو حاصل کرنے کیلیے 10رکنی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو تمام سرگرمیوںکو انجام دیگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے چیئرمین ، پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ کے چیئرمین ہونگے، باقی ارکان میں اسکول ایجوکیشن، ہیلتھ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، انرجی، فنانس اور ایگریکلچر ڈپارٹمنٹس کے سیکریٹریز، سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، تھر فائونڈیشن کے جنرل منیجر اور ایس ڈی جیز سپورٹ یونٹ سندھ کے پروجیکٹ منیجر شامل ہیں۔

فورم کے ٹرمز آف ریفرنس کو جائزے اور منظوری کیلیے حتمی شکل دی جاچکی ہے جس میں ایس ڈی جی کو لاگو کرنے کا ایکشن پلان، مانیٹرنگ اور سپروائزنگ، پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت جدت سے مزین تجاویز پیش کرنا، حکومت سندھ کا ایس ڈی جی کو تیز تر کرنے کے عزم کا اعادہ اور طریقہ کار، تحقیق اور ممکنات کی اسٹیڈیز مکمل کرنا تاکہ ایس ڈی جی کو لاگو کرنے میں معاونت فراہم کی جاسکے۔

The post اسلام کوٹ کو سندھ کا پہلا ایس ڈی جی ماڈل بنانے کا فیصلہ appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » بزنس https://ift.tt/2rlIF8x