کراچی: ٹیکسٹائل پروسیسنگ انڈسٹریز نے ہائیڈروجن پرآکسائیڈ کی مارکیٹ میں مصنوعی قلت اور قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن (اپٹپما) نے مقامی مینوفیکچررز کی جانب سے ہائیڈروجن پرآکسائیڈ (ایچ پی) کی پیداوار میں اچانک کمی پر حیرت کا اظہار کیا ہے جس سے ایسوسی ایشن کے رکن یونٹس میں اضطراب کی لہر پھیل ہوگئی ہے، ٹیکسٹائل پروسیسنگ انڈسٹریز کے بنیادی خام مال ہے ہائیڈروجن پرآکسائیڈ کی سپلائی میں یہ اچانک کمی مقامی مینوفیکچررز کی طرف سے کی گئی ہے جو مناپلی اور کارٹلز کے کائناتی اصولوں کی خلاف ورزی ہے جس کے نتیجے میں پوری معیشت پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔
مرکزی چیئرمین اپٹپما سلیم پاریکھ نے کہا کہ مقامی مینوفیکچررز کے اس اقدام سے ہائیڈروجن پرآکسائیڈ کی مارکیٹ میں مزید مصنوعی قلت اور قیمتوں میں اضافہ ہوگا جس سے ٹیکسٹائل فیبرک، گارمنٹس کی برآمدات متاثر ہوگی اور ملک قیمتی زرمبادلہ سے محروم ہو جائے گا، ساتھ میں سیکڑوں ٹیکسٹائل صنعتی یونٹس بھی بند ہوجائیں گے اور ہزاروں لاکھوں یومیہ اجرتی ملازمین کو ملازمتوں سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔
انھوں نے بتایا کہ اس حوالے سے ٹیکسٹائل کمشنرآرگنائزیشن کے دفتر میں ٹیکسٹائل کمشنر احمد بخش ناریجو کی زیر صدارت حال ہی میں اجلاس بھی ہوا تھا جس ایک آدھ کو چھوڑ کر تمام اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی تھی، ملک میں ہائیڈروجن پرآکسائیڈ کی مجموعی طلب 4500 ٹن ماہانہ ہے جس میں سے 99 فیصد کا تعلق ٹیکسٹائل انڈسٹری سے ہے، ملک میں ہائیڈروجن پرآکسائیڈ کے 2پلانٹ ہیں جن میں سے ستارہ پرآکسائیڈ کی پیداوار 2550 میٹرک ٹن اور DESCON Oxychem کی پیداوار 2400 میٹرک ٹن ماہانہ ہے۔
سلیم پاریکھ نے کہاکہ ہائیڈروجن پرآکسائیڈ کی قلت کی وجہ سے قیمتوں میں بڑے پیمانے پر اتارچڑھائو آ رہا ہے جس کی وجہ سے ایس ایم ای سیکٹر بند ہو سکتا ہے جبکہ ایل ایس ایم اپنی بقا کیلیے ڈی ٹی آر ای کے ذریعے درآمد کر رہا ہے جس سے درآمدی بل میں اضافہ ہو رہا ہے۔
سلیم پاریکھ نے کہاکہ ستارہ پرآکسائیڈ کی جانب سے چند ماہ قبل پیداوار میں کٹوتی کے باعث مسئلہ پیدا ہوا۔ انھوں نے ٹی سی او سے مداخلت پر زور دیتا ہوئے کہاکہ متعلقہ کمپنی کو پیداوار بڑھانے اور ہائیڈروجن پرآکسائیڈ کی بلاتعطل سپلائی یقینی بنانے کا پابند کیا جائے، مسئلے کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے ورنہ ٹیکسٹائل انڈسٹری بند ہو جائیگی۔
واضح رہے کہ ٹیکسٹائل پروسیسنگ انڈسٹریز ویلیوایڈڈٹیکسٹائل ایکسپورٹ کی ریڑھ کی ہڈی ہیں جو ہائیڈروجن پرآکسائیڈ کے بڑے صارف ہیں۔
The post ٹیکسٹائل پروسیسرز کو ہائیڈروجن پرآکسائیڈ کی قلت پر تشویش appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » بزنس https://ift.tt/2smCYaC