کراچی: ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ذیابیطس اور ہارمونزکے امراض میں پیچیدگیاں سامنے آرہی ہیں جس کی وجہ سے صحت کے مسائل مزید جنم لے رہے ہیں۔
دنیا بھر میں ذیابیطس اور ہارمونز پر ہونے والی جدید طبی تحقیق سے آگاہ کرنے کیلیے پاکستان میں پہلی بار ذبابیطس اورہارمونز پر عالمی کانفرنس کے انعقادکافیصلہ کیا گیا ہے، عالمی کانفرنس رواں سال کراچی میں منعقدکی جائے گی۔
کانفرنس کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹرزمان شیخ نے صحافیوں کو عالمی کانفرنس کے حوالے سے تفصیلات میں بتایا کہ 100سے زائد طبی تحقیقی مقالے پیش کیے جائیں گے جوزیر تربیت ڈاکٹروں کے علم میں مزید اضافہ کریں گے جس کا فائدہ براہ راست مریضوں کوپہنچے گا۔
انھوں نے بتایا عالمی کانفرنس کے انعقاد کا مقصد دنیا بھر میں نہ صرف ذیابیطس کے حوالے ہونے والی جدید تحقیق کو پیش کرنا ہے بلکہ نئے طریقہ علاج سے بھی آگاہی دی جائیگی اور عوام کو طرزِ زندگی سے مطابقت رکھنے والے جملہ مسائل کو بھی اجاگر کیا جائیگا اوران طبی مسائل کا حل بھی پیش کریں گے۔
ڈاکٹر زمان شیخ نے بتایا کہ کانفرنس میں ملکی اور غیر ملکی ماہرین ذیابطیس اور ہارمونزکے حوالے سے دنیا بھر میںکی جانے والی تحقیقی رپورٹ پیش کرینگے جس میں ذیابیطس، بلند فشارخون، کولیسٹرول، موٹاپا، حمل کے دوران پیچیدگیاں اور صحت کے حوالے سے غلط فہمی کو دور کرینگے اور شوگر کی ادویات کے حوالے سے خصوصی مقالے بھی پیش کیے جائیں گے۔
کانفرنس میں امریکا ، برطانیہ ، کینیڈا، مصر،سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک سے ماہرین شرکت کریں گے،کانفرنس سر سید انسٹی ٹیوٹ آف ڈائیبیٹیز اینڈ اینڈوکرینالوجی اورکالج آف فیملی میڈیسن پاکستان کے تحت یکم سے2ستمبرتک کراچی کے مقامی ہوٹل منعقد کی جائے گی۔
The post ذیابیطس اور ہارمونز کے امراض میں پیچیدگیاں سامنے آرہی ہیں، ماہرین صحت appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » صحت https://ift.tt/2pArEGy