25 لاکھ سال پرانی دیوہیکل مچھلی کا دانت پُراسرارطور پرغائب - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

25 لاکھ سال پرانی دیوہیکل مچھلی کا دانت پُراسرارطور پرغائب

سڈنی: آسٹریلیا کے ایک عجائب گھر سے 25 لاکھ سال قدیم دیوہیکل مچھلی کا دانت پُراسرار طور پر غائب ہوگیا۔

پچیس لاکھ سال پرانا دانت میگالوڈون نامی دیو ہیکل مچھلی کا ہے جسے ماہرین حیوانیات کے مطابق کرہ ارض پر پائی جانے والی سب سے بڑی اور طاقت ور مچھلی سمجھا جاتا ہے اور یہ دانت میگالوڈون گروپ سے تعلق رکھنے والے دیوہیکل مچھلی کی آخری نسل کا ہے جس کے باعث اس دانت کی اہمیت غیرمعمولی ہے۔ ویسے بھی میگا لوڈون نامی مچھلی کی وجہ شہرت اس کے خطرناک دانت ہی تھے۔

مغربی آسٹریلیا میں پارکس اور وائلڈ لائف کے سربراہ آروڈ ہوگ اسٹروم نے کہا کہ دیوہیکل مچھلیوں کی معدوم ہو جانے والی نسل کی یہ واحد نشانی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ ننگلاؤ ساحل کے قومی ورثہ کے علاقہ میں کچھ غیرمعمولی باقیات موجود ہیں تاہم ان کے بارے میں حقیقی طور پر کچھ معلوم نہیں۔ اس لیے آسٹریلیا میں پائے جانے والا یہ دانت منفرد اور نادر بھی تھا جس کی گمشدگی سے ہم تاریخ کے انمول سراغ سے محروم ہوگئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مچھلی کا دانت 10 سینٹی میٹر طویل ہے جسے طویل المیعاد بنیادوں پر محفوظ کرنے کا عمل جاری تھا۔ لیکن بدقسمتی سے اچانک یہ دانت  پُراسرار طور پر غائب ہوگیا۔ قومی ورثہ کا مقام جس جگہ قائم ہے وہ ایک دور دراز علاقہ ہے جہاں عام لوگوں کی آمدورفت نہ ہونے کے برابر ہے اور ہم خود روزانہ کی بنیاد پر نہیں جاسکتے لہذا وثوق سے نہیں کہا جاسکتا کہ چوری کب کی گئی۔ تاہم واقعے کی رپورٹ جمعے کو درج کرادی گئی ہے۔

واضح رہے کہ میگالوڈون مچھلی کی لمبائی کا اندازہ 15 میٹر تک لگایا گیا تھا جبکہ اس کے دانت 8 سے 12 سینٹی میٹر تک طویل ہوسکتے تھے۔ مچھلی کی اس قسم کے بارے میں ماہرین حیوانیات کا کہنا ہے کہ یہ مچھلیاں 16 لاکھ سال قبل ناپید ہوچکی تھیں۔

The post 25 لاکھ سال پرانی دیوہیکل مچھلی کا دانت پُراسرارطور پرغائب appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » سائنس/ٹیکنالوجی http://ift.tt/2GwUb88