انتظار کے والد کا صبر کا پیمانہ لبریز، بھوک ہڑتال کا اعلان کر دیا - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

انتظار کے والد کا صبر کا پیمانہ لبریز، بھوک ہڑتال کا اعلان کر دیا

 کراچی:  ڈیفنس میں قتل کیے گئے انتظار کے والد کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا، انہوں نے انصاف کی فراہمی میں تاخیر کے باعث بھوک ہڑتال کا اعلان کردیا۔

گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر اپنے وکیل آصف خدائی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقتول انتظار کے والد اشتیاق نے کہا کہ اگر انھیں انصاف فراہم نہیں کیا گیا تو وہ پریس کلب پر بھوک ہڑتال پر بیٹھ جائیں گے، ان کے بیٹے کے قتل کے متعدد شواہد مٹادیے گئے ہیں ، انھیں انصاف فراہم نہیں کیا جارہا۔

اشتیاق نے کہا کہ تفتیش سی ٹی ڈی نے کی جس میں ثابت ہوا کہ پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں قتل ہوا ، بعد میں جے آئی ٹی بنی جس نے کام شروع کیا تو اسے ختم کردیا گیا اور اب صوتحال یہ ہے کہ اب تک نئی جے آئی ٹی ہی نہیں بنائی جاسکی۔

پریس کانفرنس کے دوران انتظار کے والد اشتیاق احمد نے الزام عائد کیا کہ ماہ رخ ایس ایس پی مقدس حیدر کی بھتیجی ہے، ماہ رخ کے بارے میں انھوں نے مزید بتایا کہ ماہ رخ ان کے بیٹے کے ساتھ اسکول میں پڑھتی تھی، وہ ان کے بیٹے کو چاہتی تھی ، ماہ رخ کے والد امریکا میں مقیم ہیں ، وہ امریکا سے ٹیلی فون پر دھمکیاں دیتے تھے کہ اس کا بھائی کراچی میں بڑی پوسٹ پر تعینات ہے، ان ہی دھمکیوں کی وجہ سے مجھے اپنے بیٹے کو ملائیشیا بھیجنا پڑا۔

پریس کانفرنس کے دوران اشتیاق نے چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف سے بھی اپیل کی کہ انھیں انصاف فراہم کیا جائے اور بیٹے کے اصل قاتلوں کو کٹہرے میں لایا جائے ، پریس کانفرنس کے دوران انھوں نے مزید کہا کہ مجھے میرے بیٹے کے قاتل چاہئیں، مجھے اگر انصاف نہیں ملا تو خاندان سمیت پریس کلب پر بھوک ہڑتال کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے بھی کہا تھا کہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثنا اللہ عباسی کی سربراہی میں جے آئی ٹی بنائی جائے گی لیکن کچھ نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ 13 جنوری کو ڈیفنس کے علاقے خیابان بخاری میں کار پر فائرنگ سے 19سالہ نوجوان انتظار احمد ہلاک ہوگیا تھا جبکہ عینی شاہدین کے مطابق کار میں ایک لڑکی بھی سوار تھی جوکہ واقعے کے بعد کار سے اتر کر فرار ہوگئی تھی۔

The post انتظار کے والد کا صبر کا پیمانہ لبریز، بھوک ہڑتال کا اعلان کر دیا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان http://ift.tt/2GZ4BNQ