اسلام آباد: برطانوی عدالت نے ریحام خان کو زلفی بخاری پر جھوٹےالزامات لگانے پر ہرجانہ ادا کرنے اور معافی مانگنے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی زلفی بخاری نے لندن ہائی کورٹ میں وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا۔ عدالتی حکم کے مطابق ریحام خان کو زلفی بخاری کو 50 ہزار پاؤنڈ بطور ہرجانہ ادا کرنا ہوگا۔
وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ برطانوی عدالت نے ریحام خان کو زلفی بخاری پر جھوٹےالزامات لگانے پر ہرجانے اور معافی مانگنے کا حکم دیا ہے۔ اس طرح کا قانونی نظام پاکستان میں لانے کی کوشش کو آزادی اظہار کے خلاف کہہ کر میڈیا مالکان مہم شروع کر دیتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا بہرحال ریحام کا جھوٹا ہونا ایک بار پھر ثابت ہوا دراصل وہ عادی جھوٹی ہے۔
دوسری جانب لندن ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد ریحام خان نے زلفی بخاری کو مقدمے کے اخراجات اور ہرجانہ ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے اپنی ویڈیو میں زلفی بخاری سے ہتک آمیز الزامات پر معافی بھی مانگ لی ہے۔
واضح رہے کہ 6 اور 7 دسمبر 2019 کو ریحام خان نے یوٹیوب براڈ کاسٹ میں الزام لگایا تھا کہ نیویارک میں پاکستان کے روزویلٹ ہوٹل کی فروخت میں زلفی بخاری کا مفاد ہے۔ زلفی بخاری نے روزویلٹ ہوٹل سے متعلق ریحام خان کی طرف سے الزامات عائد کرنے پر برطانوی عدالت سے رجوع کیا تھا۔
The post زلفی بخاری برطانیہ میں ریحام خان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت گئے appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3mYpNZQ