سزائے موت کی منتظرخاتون ماڈل کی بیٹی چائلڈپروٹیکشن بیورو میں پرورش پانے لگی - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

سزائے موت کی منتظرخاتون ماڈل کی بیٹی چائلڈپروٹیکشن بیورو میں پرورش پانے لگی

 لاہور: سینٹرل جیل میں سزائے موت کی منتظرایک خاتون قیدی کی سات سالہ بیٹی عوشہ کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے تحویل میں لے کر اس کی پرورش کا فیصلہ کیا ہے۔عوشہ گزشتہ چند ہفتوں سے چائلڈپروٹیکشن بیورو لاہور میں مقیم ہے اور گہرے صدمے کاشکار ہے جہاں اس بچی کی دیکھ بھال اورنفیساتی علاج کیاجارہا ہے ،چائلڈپروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد کاکہنا ہے عید کے بعد پنجاب کی تمام جیلوں کا دورہ کریں گی اوروہاں اپنی ماؤں کے ساتھ قید 6 سال سے بڑی عمر کے بچوں کوبیورومیں منتقل کرکے ان کی دیکھ بھال کی جائے گی۔

چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی انتظامیہ کے مطابق عوشہ کی والدہ ماڈل ارزا راؤعرف طوبہ اپنی ایک ساتھی ماڈل عبیرہ کے قتل کے کیس میں قید ہیں اور سیشن کورٹ کی طرف سے اسے سزائے موت سنائی جاچکی ہے۔عوشہ گزشتہ 3 سال سے اپنی والدہ کی گرفتاری کے وقت سے ان کے ساتھ جیل میں تھی تاہم سپرٹنڈنٹ جیل کی درخواست پر بچی کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو لاہور منتقل کیا گیا تھا۔

چائلڈ پروٹیکشن بیوروکی چیئرپرسن سارہ احمد نے بتایا کہ عوشہ بہت پیاری اورمعصوم ہے لیکن اپنی والدہ کی سزائے موت کی وجہ سے گہرے صدمے میں ہے ، اسے جب یہاں لایا گیا تو وہ بہت جلدی غصے میں آجاتی اور دوسرے بچوں کو برتن مارتی تھی لیکن وہ ان بچوں کے ساتھ رہنے کی عادی ہوگئی ہے۔ اس کا غصہ کم ہونا شروع ہوگیا لیکن ابھی بھی وہ بہت زیادہ بولتی نہیں۔ عام بچوں کی طرح کھانے بھی نہیں کھاتی ہے اسے کھانا جلدی ہضم نہیں ہوتا اور بعض اوقات قے کردیتی ہے۔

سارہ احمد کے مطابق بچی کو صدمے سے نکالنے کے لئے اس کی کونسلنگ اورنفسیاتی علاج کروایا جارہا ہے ۔ اس بچی کو عدالتی حکم پرمہینے میں دوبار اس کی والدہ سے ملاقات کروائی جاتی ہے جو جیل میں اس کے لئے کارڈ لکھتی ہیں، اسے کوئی نہ کوئی تحفہ دیتی ہیں۔ اس کی والدہ ارزا راؤ اپنی بیٹی کے لئے جیل میں قید کے دوران ایک ڈائری بھی لکھ رہی ہیں، یہ ننھی بچی ابھی اپنی ماں کی لکھی ڈائری تو نہیں پڑھ سکتی لیکن وہ تحریریں اتنی جذباتی ہیں جو رلا دیتی ہیں۔

سارہ احمد نے ایکسپریس کوبتایا کہ عید کے بعد پنجاب کی تمام جیلوں کاوزٹ کریں گی اور وہاں اپنی ماؤں کے ساتھ قید کاٹنے والے 6 سال سے بڑی عمرکے بچے کو تحویل میں لیں گے تاکہ ان کوپڑھایاجاسکے، ایسے بچے جن کا کوئی جیل سے باہر کوئی اور رشتہ دار نہیں ہوگا ان کو بیورو اپنی تحویل میں لے گا، ان کی صحت،پرورش اورتعلیم کاخیال رکھا جائے گا تاکہ وہ معاشرے کے باوقار شہری بن سکیں۔

The post سزائے موت کی منتظرخاتون ماڈل کی بیٹی چائلڈپروٹیکشن بیورو میں پرورش پانے لگی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3ufAM3J