کراچی میں اربوں روپے کے2 پلاٹس جعلسازی سے ٹھکانے لگا دیے گئے - KHB Point

کے-ایچ-بی پوائنٹ (ملکی و غیر ملکی تمام خبریں فراہم کرنے والاایک مکمل نیوزپلیٹ فام نیٹ ورک)

تازہ ترین

کراچی میں اربوں روپے کے2 پلاٹس جعلسازی سے ٹھکانے لگا دیے گئے

 کراچی: ادارہ ترقیات کراچی میں قیمتی پلاٹوں کو ٹھکانے لگانے کی تیاری کرلی گئی۔

اسٹیٹ بروکرز نے ڈی جی سیکریٹریٹ میں ڈیرے ڈال لیے،کورنگی ٹاؤن شپ کے سب سے اہم سیکٹر28 میں اربوں روپے مالیت کے4،4ہزار گز کے 2انڈسٹریل پلاٹ مبینہ جعلسازی سے ٹھکانے لگائے جانے کا انکشاف ہوا ہے ڈی جی کے ڈی اے کے حکم پر دونوں قیمتی پلاٹس کی ا زسر نو فائل بناکر دیدی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ادارہ ترقیات کراچی کا مرکزی دفتر سوک سینٹر اسٹیٹ بروکرز کی آماجگاہ بن گیا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی سیکریٹریٹ میں اسٹیٹ بروکرز کی بڑھتی سرگرمیوں پر ادارے کے افسران میں سخت تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ حال ہی میں کورنگی ٹاؤن شپ کے سب سے وی آئی پی کہلائے جانے والے سیکٹر28 میں دو 4،4 ہزار گز رقبے پر محیط قیمتی انڈسٹریل پلاٹس ٹھکانے لگادیے گئے ہیں۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے ناصر عباس سومرو کے مبینہ قریبی دوست کو نوازنے کیلیے مذکورہ پلاٹوں کی ازسر نو فائل بناکر دیدی گئی ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ کے ڈی اے میں پلاٹ ٹھکانے لگانے کیلیے واردات کا نیا طریقہ ایجاد کیا گیا ہے،فائل مسنگ قرار دیکر ازسر نو فائل تیارکی جارہی ہیں، کورنگی ٹاؤن شپ کے انڈسٹریل پلاٹ نمبر16 اور پلاٹ نمبر17 کا کوئی ریکارڈ کے ڈی اے کے پاس موجود ہی نہیں تھا جبکہ پلاٹ کے دعویدار کے پاس بھی مذکورہ پلاٹس کی فائل موجود نہیں تھی۔

کے ڈی اے محکمہ لینڈ انڈسٹریل سیکشن اور شعبہ ریکارڈ کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ 4،4 ہزار گز کے مذکورہ پلاٹس جن کی مالیت کم از کم3 ارب20 کروڑ روپے بنتی ہے مذکورہ پلاٹ کی ازسر نو فائل تیار کرنے کا ڈی جی کے ڈی اے کی جانب سے حکم دیا گیا اور من پسند افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیدی گئی،ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے کے شدید دباؤپر کمیٹی نے شعیب فریدی نامی شخص کے حق میں رپورٹ تیارکرکے دیدی جس کے بعد مذکورہ قیمتی پلاٹس کی فائل بناکر دیدی گئی ہیں۔

ادارہ ترقیات کے افسران نے اس سلسلے میں اعلیٰ حکام اور تحقیقاتی اداروں سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ کورنگی سیکٹر28 کے انڈسٹریل پلاٹس ٹھکانے لگائے جانے پر اینٹی کرپشن کے متحرک ہونے کی اطلاعات ہیں جس کے باعث امکان کیا جارہا ہے کہ کے ڈی اے میں قیمتی پلاٹس کی لوٹ سیل کا بڑا اسکینڈل جلدمنظر عام پر آجائے گا۔

The post کراچی میں اربوں روپے کے2 پلاٹس جعلسازی سے ٹھکانے لگا دیے گئے appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/3sRVLbp