کراچی: نارتھ ناظم آباد پولیس نے شادی کا جھانسہ دیکر قیمتی اشیا ہتھیانے والے جعلساز خاندان کو گرفتار کرلیا جن میں میاں ، بیوی اور 2 بیٹے شامل ہیں ، پولیس نے ملزمان کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ بارات لیکر شادی ہال پہنچے۔
اس حوالے سے ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد راشد علی نے بتایا کہ بلاک اے کی رہائشی نے پولیس کو درخواست دی تھی کہ انھوں نے اپنی بیٹی کی شادی نعیم الدین نامی شخص کے بیٹے سے طے کی ہے اور گزشتہ روز وہ نکاح کے بعد جہیز کا سامان اور دولہا کے جوڑے کے لیے 50 ہزار روپے نقد بھی لے گئے دولہا کے والد نے خود کو حساس ادارے کا ریٹائرڈ افسر ظاہر کیا تھا اور ان کی حرکتوں سے شبہ ہے کہ وہ فراڈیے ہیں۔
جب اس حوالے سے تحقیقات کی گئی تو پورا گھرانہ جعلساز نکلا جس پر پولیس نے لڑکی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 108 سال 2021 درج کرلیا اور جب جعلساز خاندان بارات لیکر شادی ہال پہنچا تو پولیس نے نعیم الدین، اس کے دولہا بنے بیٹے عباد، اس کے بھائی تنزیل سمیت والدہ کو گرفتار کرلیا۔
راشد علی نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم نعیم الدین کے خلاف عزیز بھٹی تھانے میں 30 سے زائد جعلسازی اور فراڈ کے مقدمات درج ہیں جبکہ ملزم نعیم الدین خود کو کبھی کسٹم ، پولیس اور حساس ادارے کا ریٹائرڈ افسر ظاہر کر کے سادہ لوح افراد کو ان کے کام کرانے کے عوض مبینہ طور پر بھاری رقوم وصول کرتا تھا۔
The post کراچی میں شادی کا جھانسہ دیکر لڑکی والوں کو لوٹنے والا جعلساز خاندان گرفتار appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/30AlfOJ