اسلام آباد: سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ جس نے کیمرا ڈھونڈا اسی نے لگایا ہے، ان کو کیسے پتا تھا کہ کیمرے لگے ہیں۔
اسلام آباد میں فیصل جاوید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ایوان بالا کے پولنگ بوتھ میں کیمرے لگانے کی بھر پور تحقیقات کرائیں گے، ہم تہہ تک جائیں گے، یہ کس نے کیا، ان کو بے نقاب کریں گے، ابھی حلف برداری ہوگئی ہے، اپوزیشن ارکان کی سازش سامنے آئی، اپوزیشن نے ڈراما رچایا، کیمرے لگانے کی تحقیقات ہونی چاہیے اور پولنگ کے لئے نیا بوتھ بنایا جائے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے قومی اسمبلی میں کم تعداد کے باوجود الیکشن جیتا، ہمارے 180 ممبران تھے، ان کے 150 ممبران تھے، ہمارا امیدوار ہار گیا، میرا یہی سوال ہے کہ ہم قومی اسمبلی میں اکثریت کے باوجود کیسے ہار گئے، سب کو پتا ہے کون پیسے لے کر اسلام آباد میں پھر رہا تھا، پیسہ، دھاندلی اور دھونس استعمال کرنا ان کی سیاست کے بنیادی اصول ہیں، سیاست کو کاروبار بنانے والے بے نقاب ہوگئے ہیں، یہ لوگ چوری بھی کرتے ہیں اور ایف آئی آر بھی درج کراتے ہیں، ہم نے شفاف انتخابات کیلئے ہر طریقہ اپنایا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری جدوجہد ہے کہ کرپٹ ٹولے سے ملک کو نجات دلائی جائے، یہ لوگ اپنی کرپشن بچانے کے لئے جدوجہد کررہےہیں، ہماری اور ان کی جیت میں فرق ہے، آزاد ارکان کو ملائیں تو ہم امید کرتے ہیں ہم جیت جائیں گے، یہ لوگ اس ملک کو اپنی ذاتی جاگیر سمجھ کر چلانا چاہتے ہیں۔
شبلی فراز نے مزید کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے آصف زرداری کو بچانے کیلئے استعفیٰ دیا، یوسف رضا گیلانی نے لیڈر شپ کو ترجیح دی،اس لیے نا اہل ہوئے، پیسے سے سیاست کو کاروبار بنانے والے بے نقاب ہوں گے، ہم نے انتخابات کی شفافیت کی پوری کوشش کی، لوگوں کو ووٹ خراب کرانے کی ترغیب علی گیلانی نے دی۔
فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ ہم چیلنج کرتے ہیں کہ اپوزیشن اوپن بیلٹ پیپر پر آئے، شفافیت کے لیے یہ کیوں اوپن بیلٹ پر نہیں آتے ، کیمرا جس نے ڈھونڈا اسی نے لگایا ہے ، ان کو کیسے پتا تھا کہ کیمرے لگے ہیں، چارٹر آف ڈیموکریسی میں سیکریٹ بیلٹ پر دستخط کئے تھے، یوسف رضا گیلانی کا الیکشن اور آج کی حرکت سب کے سامنے ہے، جب تک اوپن اور الیکٹرونک ووٹنگ نہیں ہوگی یہ لوگ یہی حرکتیں کرتے رہیں گے، ہار اپوزیشن کا مقدر ہے اور آج بھی ان کو ہار ہی ہو گی۔
دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی اپنی ٹویٹ میں وفاقی وزیرشبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن کا پولنگ بوتھ میں کیمرے نصب کرنے کا مذموم منصوبہ بے نقاب ہو گیا ہے، سینیٹ الیکشن کے دوران اپوزیشن نے مجرمانہ ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا، اسی وجہ سے پی ڈی ایم نے اوپن بیلٹ کی مخالفت کی، لوٹ مار کا دور اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے۔
The post حکومت نے ایوان بالا میں کیمرے لگانے کا الزام اپوزیشن پرعائد کردیا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2PNWpZq